ہندوستان میں 78 ملین افراد تمباکو نوشی میں ملوث

   

25 تا 44 سال عمرکے 46 ملین افراد، اسکولی طلبہ اور نوجوانوں میں سگریٹ نوشی کا بڑھتا رجحان
حیدرآباد ۔17 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ملک بھر میں تمباکو نوشی کے خلاف سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر مہم کے باوجود نوجوان نسل کو تمباکو نوشی سے روکنے میں ناکامی ہوئی ہے۔ حالیہ سروے کے مطابق ملک میں 78 ملین افراد سگریٹ نوشی کے عادی ہیں اور ان میں بھی 25 تا 44 سال عمر کے افراد کی تعداد 46.2 ملین درج کی گئی ہے۔ کم عمر کے افراد میں سگریٹ نوشی کا رجحان باعث تشویش ہے۔ سروے میں اگرچہ 25 سال عمر کے افراد کی نشاندہی کی گئی لیکن حقیقت میں اسکول کی سطح پر طلبہ کی جانب سے سگریٹ نوشی عام ہوچکی ہیں۔ 15 تا 20 سال کے نوجوان سگریٹ نوشی کے علاوہ گانجہ اور دیگر نشہ آور اشیاء کا بآسانی شکار ہورہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مرکزی حکومت نے اسکولوں کی سطح سے منشیات کے خلاف مہم کے آغاز کا فیصلہ کیا ہے ۔ حالیہ عرصہ میں این جی اوز کی جانب سے اسکولی طلبہ میں سگریٹ نوشی اور نشہ آور چیزوں کے استعمال کے بارے میں سروے کیا گیا۔ سروے میں انکشاف ہوا کہ اسکولوں کے قریب واقع پان شاپس طلبہ کے لئے سگریٹ اور دیگر اشیاء کے حصول کا آسان ذریعہ ہے۔ اسکولی طلبہ کی سگریٹ نوشی سے متعلق کئی ویڈیوز سوشیل میڈیا میں وائرل ہوچکے ہیں۔ حکومت نے اسکولوں اور مذہبی مقامات کے اطراف وائن شاپس اور پان شاپس کی برخواستگی کی مہم شروع کی ہے۔ تلنگانہ میں کم عمر بچوں کو سگریٹ فروخت کرنے والے پان شاپس کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے ۔ ملک میں سگریٹ نوشی کے شکار افراد کے بارے میں سروے کے مطابق 45 تا 64 سال عمر کے 32 ملین افراد تمباکو نوشی میں ملوث ہیں۔ سروے کے مطابق 15 تا 24 سال عمر کے 12.8 ملین نوجوان سگریٹ نوشی کا شکار ہیں۔ 65 سال سے زائد عمر کے سینئر سٹیزنس میں محض 9.3 ملین افراد تمباکو نوشی کے عادی پائے گئے۔ سروے میں بتایا گیا ہے کہ ملازمت کرنے والے افراد نے ذہنی تناؤ کے سبب تمباکو نوشی کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔1/k/k/b