ہندوستان نے برسبین میں تاریخ بنا ڈالی آسٹریلیا میں سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی

   

برسبین ۔ نوجوان اوپنر شبھ من گل (91)، چیتیشور پجارا (56) اور باصلاحیت وکٹ کیپر بیٹسمین رشبھ پنت کی ناٹ آؤٹ کی بہترین نصف سنچری کی بدولت ہندوستان نے آسٹریلیا کو برسبن کے گابا میدان میں کھیلے گئے چوتھے اور آخری ٹسٹ کے پانچویں دن تین وکٹوں سے شکست دے کر نئی تاریخ رقم کردی۔ ہندوستان نے پہلی مرتبہ برسبین میں ٹسٹ میچ جیت کر چار میچوں کی سیریز 1۔2 سے اپنے نام کرلی ۔ہندوستان کو اس مقابلے میں کامیابیکے لئے 328 رنز کا نشانہ ملا تھا۔ مہمان ٹیم نے صبح جب بنا کوئی وکٹ کھوئے چار رنوں سے آگے کھیلنا شروع کیا تو کسی کو توقع نہیں تھی کہ ہندوستان چوتھی اننگز میں اتنے مشکل ہدف کو حاصل کرلے گا لیکن ہندوستانی بیٹسمینوں نے وہ کرشمہ کر دکھایا جس کا کروڑوں اہل وطن کو انتظار تھا ۔ ہندوستان نے97 اووروں میں سات وکٹوں کے نقصان پر329 رنز بنا کر تاریخی فتح درج کرلی۔ہندستان کی گابا میدان میں سات ٹسٹ میچوں میں یہ پہلی کامیابی ہے ۔ ہندوستان نے اس میدان پر اپنے گزشتہ 6 ٹسٹ میچوں میں پانچ مقابلوں میں ناکامی برداشت کی اور ایک ڈرا کھیلا تھا۔ گابا میدان میں ہندوستان کی تاریخی فتح کے تین بڑے ہیرو تھے ۔ شبھمن ، پجارا اور پنت نے میچ کے آخری دن ایسی بیٹنگ کی جسے طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔شبھمن نے 146 گیندوں میں آٹھ چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 91 رنوں کی جارحانہ اننگز کھیلی جس نے ہندوستان کو فتح کی بنیاد بنادیا۔ پجارا نے 211 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے56 رن بنائے ۔ پجارا کی اس اننگز نے ٹیم کو مضبوطی فراہم کی اور پنت نے 138 گیندوں میں نو چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 89 رنز بنائے اور میچ میں ہندوستان کی فتح پر مہر لگادی۔ کپتان اجنکیا رہانے نے 24 ، مینک اگروال نے 9 اور واشنگٹن سندر نے 29 گیندوں میں دو چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے 22 رنز بنائے ۔آسٹریلیا اپنی بہتر بولنگ کے باوجود مہمان ٹیم کے حوصلوں کو پست نہیں کرپایا اور ہندوستان نے 1۔2 کی فتح کے ساتھ آسٹریلیائی دورے کا خاتمہ کیا۔ ہندوستان نے اس دورے میں ونڈے سیریز 2۔1 سے ہاری تھی لیکن دوبارہ واپسی کرتے ہوئے ٹوئنٹی20 سیریز 1۔2 سے اور ٹسٹ سیریز1۔2 سے جیت لی۔گابا میدان میں سات ٹسٹ میچوں میں ہندوستان کی یہ پہلی فتح ہے ۔ ہندوستان کو اس میدان پر اپنے گزشتہ چھ ٹسٹ میچوں میں پانچ میں شکست ملی تھی اور ایک ڈرا کھیلا تھا۔ ہندوستان نے چار میچوں کی اس سیریز میں ایڈلیڈ میں کھلے گئے پہلے ڈے نائیٹ میچ میں دوسری اننگز میں 36رنوں کے اپنی تاریخ کے کم ترین اسکور پر آؤٹ ہوکر آٹھ وکٹوں سے شکست کھائی تھی لیکن ٹیم نے اجنکیا رہانے کی کپتانی میں ملبورن میں باکسنگ ڈے ٹسٹ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے آٹھ وکٹ سے جیت حاصل کی اور سریز1-1کی برابری پر لاکھڑاکیا۔سڈنی میں تیسرے ٹسٹ کے پانچویں دن جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹسٹ ڈراکیا اور برسبین میں پانچویں اورآخری دن تاریخی فتح اپنے نام کرلی۔ ہندوستان کی ٹسٹ تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب ٹیم نے آسٹریلیا کی سرزمین پر مسلسل دو ٹسٹ سریز میں کامیابی حاصل کی ہے ۔آسٹریلیا نے اس مقابلے کی پہلی اننگز میں 369رن بنائے تھے جب کہ ہندوستان شاردل ٹھاکر اور واشنگٹن سندرکی نصف سنچری سے پہلی اننگز میں 336رن بنائے تھے ۔ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 33 رنزکی سبقت حاصل کی تھی۔ ہندوستان نے فاسٹ بولرمحمد سراج کے پانچ وکٹوں کی بدولت آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں 294 رنز پر سمیٹ دیا۔ ہندوستان کو جیت کے لئے 328رنوں کا ہدف ملا تھا جو اس نے پانچویں اورآخری دن اپنی شاندار بیٹنگ سے حاصل کرلیا۔شاندار بیٹنگ پر پنت کو مقابلے کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ آسٹریلیائی فاسٹ بولر پیٹ کمنز کو سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل ہوا ہے ۔
پنت میچ ونر کھلاڑی ہیں : شاستری
برسبین : آسٹریلیا کے خلاف ناقابل یقین کامیابی حاصل کرنے کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم اور خاص کر وکٹ کیپر بیٹسمین رشپھ پنت کی چاروں گوشوں سے تعریف کی جارہی ہے جس میں ٹیم کے کوچ روی شاستری نے بھی انہیں میچ ونر کھلاڑی قرار دیا۔ رشپھ پنت جن کی کیپنگ پر اکثر تنقیدیں ہوتی رہی ہیں حالانکہ وہ ایک باصلاحیت بیٹسمین ضرور ہیں۔ برسبین ٹسٹ میں پنت نے 138 گیندوں میں ناقابل تسخیر 89 رنز کی اننگز کھیلتے ہوئے نہ صرف ذمہ دارانہ کردار ادا کیا بلکہ ٹیم کو کئی برسوں تک یاد رکھی جانے وا لی کامیابی سے ہمکنار کیا۔ شاستری نے ان کی شاندار کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ہم بیرونی سرزمین پر پنت کو کھلانے کے حق میں رہے ہیں کیونکہ وہ ایک میچ ونگ کھلاڑی ہیں۔ شاستری کے بموجب سڈنی میں بھی ایسے ہی حالات آئے تھے لیکن وہاں وہ ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں چند قدموں سے چوک گئے لیکن برسبین میں انہوں نے اپنا کام مکمل کیا۔ کوچ نے اس کے علاوہ تمام کھلاڑیوں جسپریت بمرا، روی چندرن اشون، رویندر جڈیجہ، محمد سراج کی بھی کافی ستائش کی جنہوں نے اس کامیابی میں اہم رول ادا کیا۔