ہندوستان نے سوپر اوور میں سیریز جیت لی

,

   

ہیملٹن۔29جنوری ( سیاست ڈاٹ کام) آخری چار گیندوں میں دو رنز درکار تھے اور وکٹ پر کپتان کین ولیمسن 95رنز بناکر کھیل رہے تھے اوراس موقع پر محمدسمیع بولنگ کررہے تھے اور لگ رہا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بہ آسانی مقابلہ جیت کر سیریز میں واپسی کرے گی لیکن پھر اچانک مقابلہ کا ڈرامائی مرحلہ شروع ہوا جہاں پہلے ولیمسن وکٹوں کے پیچھے آؤٹ ہوئے جس کے بعد اگلی تین گیندوں میں ایک رن بنایا گیا اور راس ٹیلر بھی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے ۔ جس کے بعد دونوں ہی ٹیموںکا اسکور 179رنز ہوا جس کی وجہ سے مقابلہ کو سوپر اوور میں کھیلنا پڑا ۔ سوپر اوور میں ولیمسن اور گپٹل نے بمرا کو 17رنز اسکور کئے جس کے بعد ہندوستان کو کامیابی کیلئے سوپر اوور میں 18رنز درکار تھے ۔ سوپر اوور میں ٹم ساؤتھی نے ابتدائی چار گیندوں میں 8رن دیئے جس کے بعد آخری دو گیندوں میں ہندوستان کو مقابلے اور سیریز میں کامیابی کیلئے 10رنز درکار تھے ۔ روہت شرما نے چوتھی اور پانچویں گیند پر متواتر دو چھکے مارتے ہوئے ہندوستان کو نیوزی لینڈ میں پہلی اور تاریخی ٹی 20سیریز کی کامیابی دلوائی ۔ قبل ازیں ہندوستانی ٹیم نے روہت شرما کی 65رنز کی اننگز کی بدولت پانچ وکٹوں کے نقصان پر 179رنز بنائے تھے ۔ ہندوستان کیلئے کپتان ویراٹ کوہلی نے 38 اور کے ایل راہول نے 27رنز بنائے ۔ نیوزی لینڈ کیلئے بینٹ نے 54رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے 48 گیندوں میں 8چوکوں اور 6چھکوں پر مشتمل اننگز میں نہ صرف شاندار 95رنز اسکور کئے بلکہ آخری اوور میں جو کہ محمد سمیع ڈال رہے تھے ٹیم کو کامیابی کے قریب پہنچا دیا تھا ۔سمیع نے 32رنز اور ٹھاکر نے 21رنز کے عوض فی کس دو کھلاڑیوں کو آؤٹ ، جسپرت بمرا 4اوور میں 45رنز دینے کے باوجود کٹ حاصل نہ کرسکے ۔