ہندوستان پھر سرجیکل اسٹرائیک کرسکتا ہے

,

   

وزیر داخلہ امیت شاہ کا پاکستان کو انتباہ، گوا میں تقریب سے خطاب

نئی دہلی: جموں وکشمیرمیں دہشت گردوں کے ذریعہ عام شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کے حادثہ کے بعد وزیر داخلہ امیت شاہ نے پاکستان کو وارننگ دی ہے۔ امیت شاہ نے کہا کہ اگر پاکستان نے جموں وکشمیر میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کو اسی طرح بڑھاوا دیا اور شہریوں کا قتل کیا گیا تو اسے ایک اور سرجیکل اسٹرائیک کا سامنا کرنا پڑے گا۔ امیت شاہ نے کہا کہ سال 2016 میں ہندوستان نے پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کرکے یہ ثابت کردیا ہے کہ ہم حملوں کو برداشت نہیں کرتے اور اُن کا منہ توڑ جواب دیا جاتا ہے۔ امت شاہ نے کہاکہ ’وزیر اعظم مودی اور سابق وزیر منوہر پاریکر کی نگرانی میں کی گئی سرجیکل اسٹرائیک ایک اہم قدم تھا۔ ہم نے یہ پیغام دیا کہ ہندوستانی سرحدوں پر کوئی بھی غلط حرکت نہیں کرسکتا ہے۔ ایک وقت تھا کہ بات چیت کرنے کا، لیکن اب وقت ردعمل کا ہے‘۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں جموں وکشمیر میں ہندوؤں اور سکھوں کو نشانہ بناکر ان کا قتل کیا گیا۔ دہشت گردوں کے ذریعہ عام شہریوں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد فوج نے اپنی مہم تیز کردی ہے۔ اس کے علاوہ فوج نے دہشت گردوں کو زبردست چوٹ بھی دی ہے۔ دہلی اور دیگر ریاستوں سے کچھ دہشت گردوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جس کے بعد ان دہشت گردوں کے جرم قبول کرنے سے پاکستان کی پول پوری دنیا میں کھل گئی ہے۔امیت شاہ گوا میں نیشنل فارنسک سائنس یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کررہے تھے۔