راہول گاندھی ملک کے آئندہ وزیراعظم، گاندھی بھون میں یادگاری تقریب، قومی پرچم لہرایا گیا
حیدرآباد 9 اگست (سیاست نیوز) ہندوستان چھوڑدو تحریک کی یاد میں آج کانگریس پارٹی کی جانب سے جدوجہد آزادی کے مجاہدین کو خراج پیش کیا گیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں ورکنگ پریسیڈنٹ جگاریڈی نے قومی پرچم لہرایا اور مہاتما گاندھی کی زیرقیادت ہندوستان چھوڑدو تحریک میں مجاہدین آزادی کے رول پر خطاب کیا۔ ملک بھر میں کانگریس پارٹی کی جانب سے ہندوستان چھوڑدو تحریک کی یاد منائی گئی۔ کانگریس کے کئی سینئر قائدین نے شرکت کی۔ کانگریس سیوا دل کے صدرنشین جیتندر کی قیادت میں سیوا دَل کارکنوں نے تقریب کا اہتمام کیا اور کانگریس پرچم کے علاوہ قومی پرچم کو سلامی دی۔ سابق ورکنگ پریسیڈنٹ کسم کمار، نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی جی نرنجن اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے قائدین نے تقریب میں شرکت کرتے ہوئے مجاہدین آزادی کو خراج پیش کیا۔ اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جگاریڈی نے کہاکہ ہندوستان چھوڑدو تحریک کی مخالفت کرنے والے آج ملک پر حکمرانی کررہے ہیں۔ جس طرح برطانوی سامراج نے ہندوستانیوں پر مظالم ڈھائے تھے اُسی طرح موجودہ نریندر مودی حکومت مختلف طبقات اور فرقوں کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ راہول گاندھی نے سماج کو متحد رکھنے کے لئے بھارت جوڑو یاترا کا اہتمام کیا جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے اور لوک سبھا انتخابات میں عوام نے بی جے پی کو سبق سکھایا ہے۔ جگاریڈی نے الزام عائد کیاکہ نریندر مودی نے گاندھی خاندان کو سیاست سے دور رکھنے کی سازش کی لیکن عوام نے راہول گاندھی کو 2 لوک سبھا حلقوں سے کامیاب کرتے ہوئے پارٹی سے اپنی اٹوٹ وابستگی ظاہر کی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکز میں حلیف جماعتوں کی مدد سے حکومت قائم کی گئی اور مرکزی بجٹ میں صرف اُن ریاستوں کے لئے فنڈس مختص کئے گئے جہاں کی برسر اقتدار پارٹیوں نے مودی حکومت کی تائید کی ہے۔ اُنھوں نے پیش قیاسی کی کہ راہول گاندھی جو آج اپوزیشن لیڈر کے عہدہ پر ہیں، عوام اُنھیں آئندہ انتخابات میں وزیراعظم کے عہدہ پر فائز کریں گے۔ اُنھوں نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہنچائیں تاکہ حقیقی مستحقین تک اسکیمات کے فوائد پہونچ سکیں۔ اُنھوں نے کہاکہ راہول گاندھی، سونیا گاندھی، پرینکا گاندھی، ملکارجن کھرگے کی قیادت میں تلنگانہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں پر عمل پیرا ہیں۔ جگاریڈی نے جدوجہد آزادی کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ سنگھ پریوار نے برطانوی سامراج کی تائید کرتے ہوئے مجاہدین آزادی کے خلاف کام کیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام کو سنگھ پریوار کی حقیقت سے واقف کرانے کی ضرورت ہے۔ جگاریڈی نے ریونت ریڈی حکومت پر اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کردیا اور کہاکہ 10 سال تک خاندانی حکمرانی کرنے والے بی آر ایس قائدین 10 ماہ میں حکومت پر تنقید کررہے ہیں۔ 1