نئی دہلی ۔ ہندوستان کا نیوزی لینڈ میں تین ونڈے کھیلنے کا دورہ مارچ 2022 سے اسی سال کے آخر تک ملتوی ہونے کا اندیشہ ظاہرکیا جارہا ہے ۔ آج نیوزی لینڈ کی حکومت نے اپنی منیجڈ آئسولیشن اینڈ کوارٹین (ایم آئی کیو) کا ذکرکیا ہے جوکہ کووڈ وبائی مرض کی وجہ سے ملک میں داخل ہونے والے ہر فردکے لیے لازمی ہے ۔ اس میں آئندہ سال ہونے والے خواتین عالمی کپ کی ٹیموں کے علاوہ بنگلہ دیش ، ہالینڈ اورجنوبی افریقہ کی مردوں کی ٹیموں کا نام شامل ہے لیکن ہندوستان کا نہیں۔ اسٹف نامی ویب سائٹ کے مطابق 2022 کے اختتام پر ہندوستان کا دورہ کیا جا سکتا ہے ۔ بنگلہ دیش دسمبر اورجنوری کے درمیان دو ٹسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی کھیلے گا اور ایم آئی کیوکے مطابق ان کی ٹیم کے35 ارکان نیوزی لینڈ جاسکیں گے ۔اسی طرح نیدرلینڈزجنہیں جنوری اور فروری کے درمیان تین ون ڈے کھیلنے تھے ، اب وہ مارچ2022 میں35 رکنی ٹیم کے ساتھ دورہ کرے گا ۔ مارچ کو شروع ہونے والے خواتین ونڈے عالمی کپ کے لئے جنوری ۔ فروری سے ہی ایم آئی کیو میں181 افراد کے لئے جگہ رکھی گئی ہے ۔ نیوزی لینڈ کی مرد ٹیم کے کھلاڑی جو اس وقت18 سال بعد پاکستان کا دورہ کررہے ہیں اور اس کے بعد یو اے ای میں آئی پی ایل اور ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کے بعد ہندوستان کے لئے جائیں گے ۔