ہندوستان کا آج سیمی فائنل میں پاکستان سے مقابلہ

   

ڈھاکہ۔19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ دیش میں رواں اے سی سی ایمرجنگ ٹیم ایشیا کپ 2019 میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے ہانگ کانگ کو شکست دے کر ٹورنمنٹ کے سیمی فائنل میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔ہندوستانی ٹیم نے میچ میں 120 رنوں سے جیت درج کی۔ اس جیت کے ساتھ ہی اب ہندوستان کو فائنل میں پہنچنے کے لئے اپنے حریف پاکستان سے مقابلہ کرنا ہو گا۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان چہارشنبہ کو سیمی فائنل میچ کھیلا جائے گا۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والا یہ ہائی وولٹیج مقابلہ ڈھاکہ کے شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں ہو گا۔ ہندوستانی وقت کے مطابق، یہ میچ صبح 8.30 بجے شروع ہو گا۔ اس ٹورنمنٹ میں پاکستان نے ایک بھی میچ گنوائے بغیر سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ پاکستان نے سری لنکا کو 90 رن، عمان کو 147 رن اور افغانستان کو 8 وکٹ سے مات دی تھی۔ وہیں ہندوستانی ٹیم نے تین میں سے دو میچ جیت کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ہندوستان نے نیپال کو سات وکٹ، ہانگ کانگ کو 120رنوں سے ہرایا۔ حالانکہ بنگلہ دیش سے اسے 6 وکٹ سے ہار کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ چنمے ستار اور شبھم شرما کے شاندار مظاہرہ کی بدولت ہندوستان نے ہانگ کانگ کو 120 رنوں سے ہرا دیا۔ ستار نے 85 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 104 جبکہ شبھم نے 55 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 65 رن کی اننگز کھیلی جس سے ہندوستان نے 50 اوور میں پانچ وکٹ پر 322 رن بنائے۔