نئی دہلی، 3 مئی (یواین آئی) حکومت نے بتایا ہے کہ ہندوستان کیلئے 46ہزار 313ٹن ایل پی جی لیکر آنے والا مارشل آئی لینڈ کا گیس ٹینکر ’’سرو شکتی‘‘ہفتہ کے روز بحفاظت آبنائے ہرمز عبور کر چکا ہے اور اس کے 13 مئی کو وشاکھاپٹنم پہنچنے کی توقع ہے ۔ پٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت نے مغربی ایشیا کے بحران کے تناظر میں توانائی اور دیگر شعبوں کی صورتحال پر جاری بیان میں کہا کہ اس گیس ٹینکر پر 18 ہندوستانی ملاح بھی سوار ہیں اور سبھی محفوظ ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ جغرافیائی سیاسی حالات کے باعث ایل پی جی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے ۔ اس کے پیش نظر گھریلو صارفین کو ایل پی جی کی فراہمی کو ترجیح دی گئی ہے اور ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز کے پاس کسی قسم کی کمی کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ گزشتہ روز صنعتی سطح پر آن لائن ایل پی جی سلنڈر بکنگ 99 فیصد تک بڑھ گئی۔ ہفتہ کو ملک بھر میں تقریباً 47 لاکھ گھریلو ایل پی جی سلنڈر تقسیم کیے گئے جبکہ بکنگ تقریباً 47.4 لاکھ سلنڈرس رہی۔ اس کے علاوہ سرکاری شعبے کی تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے 5کلوگرام ایف ٹی ایل سلنڈروں کیلئے 10,100 سے زائد آگاہی کیمپ منعقد کیے اور 3 اپریل سے اب تک تقریباً 1,75,000 ایف ٹی ایل سلنڈر فروخت کیے ہیں۔ کمپنیوں نے اپریل سے اب تک مجموعی طور پر 11,082 ٹن آٹو ایل پی جی کی فروخت کی ہے ۔ ملک میں تمام ریفائنریاں مکمل صلاحیت کے ساتھ کام کر رہی ہیں اور ان کے پاس خام تیل کا مناسب ذخیرہ موجود ہے جبکہ پٹرول اور ڈیزل کے بھی وافر ذخائر برقرار رکھے جا رہے ہیں۔
گھریلو ضروریات کے لیے ریفائنریوں سے ایل پی جی کی پیداوار میں اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایل پی جی کی ذخیرہ اندوزی اور بلیک مارکیٹنگ کو روکنے کے لیے ملک بھر میں کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ روز پورے ملک میں 1900 سے زیادہ چھاپے مارے گئے ۔ سرکاری تیل مارکیٹنگ کمپنیوں نے اچانک معائنوں کو مزید سخت کیا ہے ، 349 ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور اب تک 74 ڈسٹری بیوٹرز کو معطل کیا جا چکا ہے ۔ بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یو اے ای کی فضائی حدود میں معمول کی پروازوں کی مکمل بحالی کا اعلان کیا ہے اور ہندوستانی و اماراتی ایئرلائنز نے کل سے یو اے ای سے بھارت کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کر دی ہیں۔