ہندوستان کا ترنگا چین سے آئے گا

   

فلم تھیٹر میں جن گن پڑھایا جارہا ہے اور ترنگا چین سے منگوا رہی ہے مودی حکومت

نئی دہلی : برسراقتدار بی جے پی کو نام نہاد اور جھوٹی قوم پرست قرار دیتے ہوئے کانگریس نے آج الزام عائد کیا کہ اسے جدوجہد آزادی اور اس کی علامتوں کی کوئی سمجھ نہیں ہے۔ کانگریس نے قومی پرچم ضابطہ میں ترمیم سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔ یہ ضابطہ قومی پرچم کو پالسٹر سے تیار کرنے اور درآمد کرنے کی اجازت دیتا ہے۔ کانگریس کے ترجمان اجئے کمار نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے چین سے ہندوستانی پرچم کو بڑے پیمانے پر درآمد کرنے کے دروازے ایسے وقت کھول دیئے ہیں جب چینی فوجی دستے لداخ میں ایک ہزار مربع کیلو میٹر کے نئے علاقہ پر بدستور قابض ہے۔ کانگریس ترجمان نے کرناٹک کھادی گرام ادیوک سمیوکت سنگھ کی 30 جولائی کو دھوج ستیہ گرہ کی تائید کا اعلان بھی کیا جو سمیوکت سنگھ کے مطالبات اور قانون میں ترمیم سے دستبرداری کی تائید میں ہے۔ اجئے کمار نے کہا کہ مودی خود کو ہندوستان کی کھادی صنعت کا سرپرست گردانتے ہیں اور انہوں نے ہندوستانیوں سے گذشتہ سال اپنے من کی بات خطاب میں اپیل کی تھی کہ کھادی کی اشیاء خریدیں۔ وزیراعظم دیسی اشیاء کو استعمال کرنے اور خریدنے کی تاکید کرتے ہیں لیکن ان کے فیصلے شنگھائی کی مہنگائی کی مطابقت میں نظر آتے ہیں۔