ہندوستان کا قومی مذہب سناتن دھرم ہے:یوگی

   

گورکھپور : ہندوستان کا آئین ملک کو سیکولر کہتا ہے، تاہم اب سخت گیر ہندو قوم پرست قائد یوگی آدتیہ ناتھ نے اعلان کر دیا ہے کہ ہندوؤں کا سناتن دھرم ہی ہندوستان کا قومی مذہب ہے اور ملک کے ہر شہری پر اس کا احترام لازم ہے۔ اتر پردیش کے وزیر اعلٰی اور سخت گیر ہندو قوم پرست قائد یوگی آدتیہ ناتھ نے اعلان کیا ہے ہندو مکتب فکر کا ’سناتن دھرم‘ ہی ہندوستان کا قومی مذہب ہے جس کا ہر شہری کو احترام کرنا چاہیے۔ آئین کے مطابق ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے، یعنی ریاست کا اپنا کوئی مذہب نہیں نیز یہ کہ اس ملک میں تمام مذاہب کا احترام لازم ہے۔ اب سخت گیر ہندو قوم پرست قائد اس ملک کو ایک ہندو ملک بنانے کی مہم چلا رہے اور سناتن دھرم کو ملک کا قومی مذہب قرار دینے کا ان کا یہ اعلان پہلی بار ہوا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے یہ بھی کہا ہے کہ اگر ماضی میں ہندوؤں کے مذہبی مقامات کے تقدس کو پامال یا تباہ کیا گیا ہو، تو ان کی بحالی کے لیے اسی طرز پر ملک گیر مہم چلانے کی بھی ضرورت ہے، جس طرح ایودھیا میں بابری مسجد کے انہدام اور اس کے مقام پر رام مندر تعمیر کرنے کی مہم چلائی گئی۔