ہندوستان کوآج کامیابی کیلئے 324 رنز درکار

   

برسبین ۔ہندوستانی فاسٹ بولر محمدسراج73 رنز پر پانچ وکٹس اور شاردل ٹھاکر61 رنز پرچار وکٹوںکی خطرناک بولنگ سے ہندستان نے آسٹریلیاکو چوتھے اورآخری کرکٹ ٹسٹ کے چوتھے دن پیرکو دوسری اننگزمیں 294 رنز پر سمیٹ دیا۔آسٹریلیاکو مقابلے میں 327 رنز کی مجموعی سبقت حاصل ہوئی اور اس نے فیصلہ کن میچ میں ہندستان کے سامنے کامیابی کے لئے 328 رنز کا مشکل ہدف دیاہے ۔ہندستان نے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اپنی اننگز کا آغاز کیا اور 1.5 اوورمیں بغیرکوئی وکٹ گنوائے چار رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے دن کا باقی کھیل ختم کرنا پڑا ۔روہت شرما نے ایک چوکا لگایا ہے اور وہ چار رنز اور شبھ من گل کھاتہ کھولے بغیرکریز پر ہیں ۔ہندستان کومیچ کے پانچویں اورآخری دن منگل کو کامیابی کے لئے 324رن بنانے ہونگے ۔دوسری طرف آسٹریلیاکی پوری کوشش رہے گی کہ وہ ہندستان کے سبھی 10وکٹ حاصل کرلے ۔اگر ہندستان یہ میچ جیتتا ہے یا ڈرا کرا لیتاہے تو بارڈر ۔گاوسکر ٹرافی اپنے پاس رکھے گا کیونکہ ہندستان 19۔2018کے پچھلے دورے میں سیریز 1۔2سے جیتی تھی ۔آسٹریلیانے چوتھے دن بغیرکوئی وکٹ کھوئے 21 رنز سے آگے کھیلنا شروع کیالیکن ہندوستان کے فاسٹ بولروں سراج اور ٹھاکرنے اپنا جلوہ دکھاتے ہوئے آسٹریلیائی ٹیم کو 75.5 اوور میں 294رنز پر آل آؤٹ کرکے اسے بڑی سبقت لینے سے روک دیا۔سراج نے 19.5 5اوورمیں 73رن دیکر پانچ وکٹ ،ٹھاکر نے 19اوور میں 61رن دیکر چاروکٹ اور واشنگٹن سندر نے 18اوور میں 80رن دیکر ایک وکٹ لیا۔ٹی نٹراجن 14اوورمیں 41 رنز جبکہ نودیپ سینی پانچ اوور میں 32رن دیئے اور انھیں کوئی وکٹ نہیں ملا۔ قبل ازیں صبح اوپنرس مارکس ہیرس نے ایک رن اور ڈیویڈ وارنر نے20 رنز سے اپنی اننگز کو آگے بڑھایااور دونوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لئے 89 رنز بنائے ۔اس وقت ایسا لگ رہاتھا کہ یہ شراکت داری اور بڑی ہوگی لیکن ٹھاکر نے وکٹ کے پیچھے رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کراکے ہیرس کو آؤٹ کیا۔ہیرس نے 82گیندمیں آٹھ چوکوں کی مددسے 38رن بنائے ۔آسٹریلیاابھی پہلے جھٹکے سے سنبھل ہی نہیں پایاتھاکہ آف اسپنر سندرنے وارنرکو ایل بی ڈبلیوآؤٹ کرکے ٹیم کو دوسراجھٹکا دے دیا۔وارنر نصف سنچری بنانے سے چوک گئے اور انھوں نے 75گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنائے ۔دووکٹ گرنے کے بعد مارنس لابوشین نے اسٹیواسمتھ کے ساتھ ملکر آسٹریلیائی اننگزکوسنبھالنے کی کوشش کی اور دونوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 32 رنزکی شراکت داری ہوئی ۔یہ شراکت داری اور بڑی ہوتی اس سے پہلے ہی سراج نے روہت شرما کے ہاتھوں کیچ کراکے لابوشین کی اننگز کا خاتمہ کردیا اوریہ شراکت داری طویل ہونے سے پہلے ہی ٹوٹ گئی ۔لابوشین نے 22گیندوں میں پانچ چوکوں کی مددسے 55رن بنائے ۔