پونے ۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹسٹ میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ پونے میں کھیلا گیا۔ ٹیم انڈیا کو اس میچ میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا، جس کی وجہ سے اسے یہ ٹسٹ سیریز بھی ہارنا پڑی۔ نیوزی لینڈ نے سیریز میں تاریخ رقم کی اور 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔ اس کے ساتھ ہی یہ پہلا موقع ہے کہ نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو اس کے ہی گھر پر ٹسٹ سیریز میں شکست دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا کا ہندوستان میں لگاتار ٹسٹ سیریز جیتنے کا سلسلہ بھی ٹوٹ گیا ہے۔ یہ شکست ٹیم انڈیا کے لیے بہت تکلیف دہ ہے۔ دراصل، ہندوستان 12 سال بعد گھر پر ٹسٹ سیریز ہارا ہے۔ اس سے قبل انگلینڈ نے ٹیم انڈیاکو 2012-13 کے دورہ ہند کے دوران ٹسٹ سیریز میں شکست دی تھی۔ تب سے ہندوستانی ٹیم کا گھر پر غلبہ تھا۔ اس نے لگاتار18 سیریز جیتی تھیں لیکن اب جیت کا یہ سلسلہ رک گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی روہت شرما کی کپتانی میں ٹیم انڈیاگھر پر اپنا چوتھا ٹسٹ میچ ہار چکی ہے۔ اب وہ مشترکہ طور پر ہندوستان میں سب سے زیادہ ٹسٹ میچ ہارنے والے دوسرے ہندوستانی کپتان بن گئے ہیں۔ اس میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں259 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ جواب میں میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں صرف 156 رنز بنا سکی۔ اس دوران کوئی بیٹر40 رنز کا ہندسہ بھی نہ چھو سکا۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 255 رنز بنائے۔ ٹیم کو یہ میچ جیتنے کے لیے 359 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن یشسوی جیسوال کے علاوہ کوئی بھی بیٹر اس اننگز میں زیادہ دیر نہیں چل سکا جس کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وہ اپنی دوسری اننگز میں صرف 245 رنز بنا سکی اور ہدف سے 113 رنز دور رہی۔اس میچ میں نیوزی لینڈ کی جیت کے سب سے بڑے ہیرو اسٹار اسپنر مچل سینٹنر تھے۔ انہوں نے دونوں اننگز میں 5 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ مچل سینٹنر نے اس میچ کی اننگز میں 53 رنز دے کر 7 بیٹرس کو اپنا شکار بنایا۔ دوسری اننگز میںانہوں نے 6 وکٹیں حاصل کیں ۔