ہندوستان کو 12 میڈلس یقینی ،مزید باکسروں سے امید

   

نئی دہلی: شیو تھاپا (64کلوگرام) ، سمرنجیت کور(60کلوگرام) ساکشی(54کلوگرام) ، جیسمین(57کلوگرام) اور سنجیت(91کلوگرام) اپنے اپنے زمرے کے سیمی فائنل میں پہنچ کر ملک کے لئے میڈل کو یقینی کرچکے ہیں۔ ہندوستان کی سات خواتین باکسرز اپنی مہم کا آغاز براہ راست سیمی فائنل سے کریں گی اس طرح ہندوستان نے 2021 میں اے ایس بی سی ایشیائی خواتین اور مرد باکسنگ چیمپئن شپ12 میڈلس یقینی کرلئے ہیں۔اس سال جولائی اگست میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس کے لئے ٹکٹ حاصل کرنے والے مرد باکسر امت پنگھل ، وکاس کرشنا اور آیشیش کمار اپنی مہم کا آغاز کریں گے ۔ یہ تینوں ٹورنامنٹ کے تیسرے دن کوارٹر فائنل میچوں کے لئے رنگ میں داخل ہوں گے ۔ دبئی میں ہونے والی ایشیاء چمپیئن شپ کی میزبانی باکسنگ فیڈریشن آف انڈیا (بی ایف آئی) اور متحدہ عرب امارات کے باکسنگ فیڈریشن کے ذریعہ مشترکہ طور پر ہو رہی ہے ۔عالمی چمپیئن شپ میں سلور میڈل جیتنے والے دفاعی چمپئن پنگھل کو52 کلوگرام زمرے میں منگولیا کے کھرکھواینکھم داکھ سے سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دونوں باکسروں نے جب گذشتہ سال اردن کے عمان میں منعقدہ ایشین اولمپک کوالیفائر میں مقابلہ کیا تھا تب منگولین باکسر نے پنگھل کو سخت ٹکر دی تھی لیکن بالآخر پنگھل میچ جیتنے میں کامیاب رہے ۔ ایشین کھیلوں کے گولڈ میڈل جیتنے والے وکاس کرشنا کا مقابلہ69 کلوگرام وزن کے زمرے میں ایران کے موسلم مالامیر سے ہوگا۔آیشیش کمار (75 کلوگرام) جنہوں نے ایونٹ کے پچھلے ایڈیشن میں سلور جیتا تھا اور نریندر (+91 کلوگرام) قزاقستان کے طاقتور مخالفین کے خلاف مقابلہ میں شامل ہوں گے ۔ دفاعی قومی چمپیئن پنجاب کے باکسر ورندر سنگھ (60 کلوگرام) دوسرے ہندوستانی باکسر ہیں جو تیسرے دن ملک کے لئے میڈل حاصل کرنے کی کوشش کریں گے کیونکہ وہ لائٹ ویٹ زمرے کے آخری8 میچ میں فلپائن کے جیریمی کروز سے مقابلہ کریں گے اور اگر وہ یہ میچ جیت گئے تو اپنے لئے کم ازکم برونز میڈل یقینی کرلیں گے ۔