ہندوستان کو 2024ء تک 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کا عہد

,

   

غریبی، بیروزگاری، قحط سالی، سیلاب ، رشوت و تشدد کیخلاف مشترکہ لڑائی پر زور ، نیتی آیوگ کے اجلاس سے وزیراعظم مودی کا خطاب

نئی دہلی۔ 15 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے شنگھائی تعاون تنظیم کی بشکیک میں منعقدہ چوٹی کانفرنس میں شرکت اور کل رات واپسی کے بعد راشٹرپتی بھون میں ہفتہ کو منعقدہ نیتی آیوگ کے اجلاس میں ہندوستانی معیشت کے لئے اپنا ویژن پیش کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ہندوستان 2024ء تک 5 کھرب ڈالر کی معیشت بن جائے۔ اس وقت تک وہ اپنی دوسری میعاد مکمل کرلیں گے۔ وزیراعظم مودی نے حالیہ عام انتخابات میں اپنی پارٹی بی جے پی کی شاندار فتح کے بعد نیتی آیوگ کے پہلی مرتبہ منعقدہ اجلاس سے کہا کہ ’ہندوستان کو 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کا ہدف ایک چیلنج ضرور ہے لیکن ریاستوں کو ٹھوس مساعی کے ساتھ یہ ہدف قابل تکمیل بھی ہے‘۔ وزیراعظم نے غریبی، بے روزگاری، قحط، خشک سالی، سیلاب، آلودگی، رشوت ستانی اور تشدد کے خلاف مشترکہ جدوجہد کے آغاز کی ضرورت پر زور دیا۔ آیوگ کے رول پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ ادارہ ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس اور سب کا وِشواس‘‘ کے مقصد کے حصول میں کلیدی رول ادا کرتا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم مودی نے عام انتخابات میں اپنی پارٹی کی فتح کے فوری بعد پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں خطاب کے دوران ’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘‘ نعرہ میں ’’سب کا وشواس‘‘ کا اضافہ کیا تھا اور اپنی پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ پر زور دیا تھا کہ وہ محض انہیں ووٹ دینے والوں کیلئے ہی کام کو محدود نہ رکھیں بلکہ تمام افراد کو اس کے ثمرات سے مستفید کریں۔ نیتی آیوگ کے اجلاس میں تین غیربی جے پی چیف منسٹروںنے شرکت نہیں کی۔ ترنمول کانگریاس کے سربراہ اور مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتا بنرجی جو بی جے پی کے ساتھ تلخ تصادم کا سامنا کررہی ہیںت اپنی ریاست میں جونیر ڈاکٹروں کی ہڑتال کے سبب دہلی نہیں آسکیں۔ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کالیشورم پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب کے ضمن میں مصروفیات کے سبب قومی دارالحکومت نہیں پہونچ سکے۔ پنجاب کے چیف منسٹر امریندر سنگھ نے ناسازی صحت کے سبب اس اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ وزیراعظم مودی نے حالیہ عام انتخابات کو دنیا کا سب سے بڑا جمہوریت عمل قرار دیا اور کہا کہ انتخابات ہوچکے ہیں اور اب سب کو ہندوستان کی ترقی کیلئے کام کرنے کا وقت آگیا ہے۔ اس دوران نیتی آیوگ کے اجلاس سے قبل سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے کانگریس اور اس کے حلیف جماعتوں کے زیراقتدار ریاستوں کے چیف منسٹروں کے اجلاس سے خطاب کیا۔