ہندوستان کیخلاف جہاد کی اپیل معمولی نہیں

,

   

عمران خان نے اقوام متحدہ میں اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ بیان دیا۔ رویش کمارکا ردعمل

نئی دہلی 4 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کوبین الاقوامی سفارتی آداب نہیں آتے اوروہ وزیر اعظم جیسے عہدے کے قابل نہیں ہیں۔وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے یہاں معمول کی بریفنگ میں ایک سوال کے جواب میں یہ تبصرہ کیا۔عمران خان کے پاکستانی مقبوضہ کشمیر میں جا کر وہاں کے لوگوں کو کنٹرول لائن تک مارچ کرنے سمیت مختلف تبصرو ں کے سلسلے میں ہندوستان کے موقف کے بارے میں پوچھے جانے پر کمار نے کہا کہ پہلی بار ان کے اس طرح کے بیان نہیں آئے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جس طرح کی اشتعال انگیز تقریرکی اورجس قسم کی زبان کااستعمال کیا،ہندوستان اس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ انہیں پتہ نہیں ہے کہ بین الاقوامی تعلقات میں کس طرح کا برتاؤ کیا جاتا ہے۔ وہ باربارجہاد کی اپیل کرتے ہیں۔ ویسے تو پاکستان سے توقع نہیں ہے لیکن پھربھی ہم کہیں گے کہ وہ پڑوسیوں کی طرح برتاؤ کرے۔ لیکن وہ پاکستانی مقبوضہ کشمیرآکر دوسرے ملک کی خود مختاری کی خلاف ورزی کی درخواست کرتے ہیں تواس کا مطلب ہے کہ وہ اس اعلی عہدے کے قابل نہیں ہیں جس پر وہ فائز ہیں۔کرتارپور کاریڈور کے بارے میں ایک سوال پر رویش کمار نے کہا کہ اس کوریڈور کی تعمیر کے سلسلے میں ہندوستان مکمل طورپرپابند عہدہ ہے۔ اس میں ہم کسی طرح کی سیاست ہونے نہیں دینا چاہتے۔ ہم نے کچھ معاملات میں پاکستان سے جواب طلب کیاہے۔ تیرتھ یاتریوں سے فیس لینے کا معاملہ ہے تو ہم نے کہا ہے کہ جذبات کا خیال رکھا جانا چاہئے اور اس لئے فیس نہیں لی جاسکتی ہے۔اس معاملے پرتوقع ہے کہ پاکستان جلد از جلد جواب دے۔ ترجمان نے کہا کہ چار لین کی سڑک بنانے کا کام مکمل ہو گیا ہے۔ یاتری ٹرمینل کا کام اس ماہ مکمل ہو جائے گا۔