ہندوستان کی آج سری لنکا کے خلاف کلین سوئپ پر نظر

   

پالیکال۔ پراعتماد ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم جمعرات کو یہاں خواتین کے تیسرے اور آخری ونڈے انٹرنیشنل میں سری لنکا کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں کلین سویپ کرنے کی کوشش کرے گی۔ کپتان میتھالی راج کی سبکدوشی کے بعد پہلی بار ونڈے سیریز کھیلنے والے ہندوستان نے پہلے دو میچوں میں جیت کے ساتھ تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ہندوستان نے اس سے قبل ٹی20 انٹرنیشنل سیریز بھی 2-1 سے جیتی ہے ۔اسی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم دوسرے ونڈے میں حد سے زیادہ پراعتماد نظر آئی کیونکہ ٹیم نے پیرکو 10 وکٹوں سے یک طرفہ فتح درج کی۔کھیل کے تمام شعبوں میں ہندوستان کا غلبہ رہا۔ سری لنکا کے دورے کے دوران ہرمن پریت کورکی قیادت والی ٹیم سے اسی طرح کی کارکردگی کی توقع تھی۔اسٹار اوپنرز اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما جو اس دورے میں توقع کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے،اس جوڑی نے دوسرے ونڈے میں ناقابل شکست نصف سنچری اسکورکی اور سنچری کی ناقابل شکست شراکت داری کی۔ یہ جوڑی ٹیم کو ٹی20 سیریز اور پہلے ونڈے میں مضبوط آغاز دینے میں ناکام رہی لیکن دوسرے ونڈے میں دوبارہ رفتار حاصل کرنے کے بعد ایک بار پھر اسی انداز میں کھیلنا چاہیں گی۔ نئی کپتان ہرمن پریت جاری سیریز میں ہندوستان کی سب سے زیادہ مستقل کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ہیں۔ آل راؤنڈر نے بیٹسے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ان کی اننگز کئی مواقع پر دونوں ٹیموں کے درمیان فرق ثابت ہوئی۔ہندوستانی اسپنرز نے ٹی20 میں سست پچوں پر غلبہ حاصل کیا لیکن ونڈے سیریز میں فاسٹ بولر رینوکا سنگھ کا غلبہ رہا، جنہوں نے دوسرے ونڈے میں کیریئر کے بہترین اعداد وشمار 28 رنز کے عوض چار سمیت سات وکٹیں حاصل کیں۔تجربہ کار جھولن گوسوامی کی غیر موجودگی میں رینوکا کی کارکردگی نے ظاہر کیا ہے کہ ہندوستان کے نوجوان اور ناتجربہ کار فاسٹ بولروں میں صلاحیت موجود ہے۔ برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز سے قبل سری لنکا کے خلاف 3-0 سے جیت مہمان ٹیم کے حوصلے بلند کرے گی۔ٹی ٹوئنٹی سیریز کی طرح سری لنکا کی ٹیم اس سیریز میں بھی تسلی بخش جیت پر نظریں جمائے گی۔