تلنگانہ بھون میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کے بعد خطاب
حیدرآباد۔ 15 اگست (سیاست نیوز) بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے ملک کی آزادی میں بی آر ایس کا 10 سالہ دور حکومت سارے ملک کے لئے مثالی قرار دیا۔ آج تلنگانہ بھون میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ آزاد ہندوستان کی تاریخ میں ریاست تلنگانہ کا قیام ناقابل فراموش ہے اور اس کے لئے کے سی آر کی جدوجہد بھی قابل ستائش ہے۔ علیحدہ ریاست کے پہلے 10 سال بی آر ایس کی حکمرانی سے ریاست کے عوام پوری طرح مطمئن تھے۔ بحیثیت چیف منسٹر کے سی آر نے جو فلاحی اسکیمات کو متعارف کرایا ہے وہ ملک کے لئے قابل تقلید بن گئی تھیں۔ مرکزی حکومت کے علاوہ ملک کے مختلف ریاستوں کی حکومتوں نے تلنگانہ میں متعارف کرائی گئی اسکیمات پر عمل کیا ہے۔ آج تلنگانہ کو کئی چیالنجس کا سامنا ہے۔ کسان یوریا کی قلت سے پریشان ہیں، طلبہ کو فیس ریمبرسمنٹ ادا نہیں کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ دوسرے اور بھی کئی مسائل ہیں جس کی وجہ سے لوگ کے سی آر کو یاد کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے پارٹی کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ تازہ سیاسی صورتحال سے ہرگز پریشان نہ ہوں، آئندہ ریاست میں بی آر ایس کی حکمرانی ہی قائم ہوگی لہذا بی آر ایس کے قائدین مقامی اداروں کے انتخابات پر اپنی ساری توجہ مرکوز کریں۔ حکومت کی ناکامیوں کو میڈیا اور مختلف پروگرامس کے ذریعہ آشکار کریں۔ عوامی مسائل کو حل کرانے کے لئے سڑکوں پر احتجاج کریں، مصیبت کے موقع پر عوام کا ساتھ دیں۔ کانگریس کی جانب سے بی آر ایس حکومت پر جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے مگر عوام سمجھدار ہے وہ کانگریس اور بی آر ایس حکومت کا تقابل کرتے ہوئے اپنے مستقبل کی حکمت عملی تیار کررہے ہیں۔ کالیشورم پراجکٹ کے تعلق سے عوام کو غلط باور کرایا جارہا ہے جبکہ یہ پراجکٹ تلنگانہ زرعی شعبہ کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوا لیکن کانگریس حکومت کی جانب سے اس میں بے قاعدگیاں اور بدعنوانیاں ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے پراجکٹ کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ 2
ریاست میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے، تمام پراجکٹس لبریز ہو رہے ہیں، حکومت کالیشورم پراجکٹ کی پمپنگ کرتے ہوئے پانی اُپری حصے تک پہنچانے کی کوشش کررہی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی عوام کے درمیان رہے گی اور ان مسائل کو حل کرانے میں پیش پیش رہے گی۔ 2