ہندوستان کی تاریخ کو خطرہ : محمد تقی حسین تقی

   

محبوب نگر /30 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) فاشسٹ طاقتیں اقتدار کی طاقت کے ذریعہ ملک کی تاریخ کو تبدیل کرنے کوشاں ہیں ۔ ان طاقتوں کا مقصد یہ ہے کہ تاریخ میں صرف ایک ہی قوم کو اجاگر کیا جائے اور باقی سب کو منفی کردار میں پیش کیا جائے ۔ صحافی و سماجی جہد کار محمدتقی حسین تقی نے اپنے صحافتی بیان میں کہا کہ کسی بھی ملک کی تاریخ ملک کے عوام پر اثر انداز ہوتی ہے اور ملک کی تہذیب کی عکاسی کرتی ہے ۔ ہندوستان کی تاریخ کے کئی کردار ہیں جن میں مسلمان ، سکھ ، ہندو و عیسائی ہیں ۔ تاریخ میں ان تمام کو نمائندگی حاصل رہتی ہے ۔ لیکن اب اس تاریخ کو خطرہ لاحق ہوچکا ہے ۔ بالخصوص مسلم حکمرانوں کی غلط شبیہ پیش کی جارہی ہے ۔ ہمارے وزیر داخلہ بارہا کہہ چکے ہیں کہ ملک کی نئی تاریخ لاکھ کر ہی رہیں گے ۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ تاریخ میں مسلمانوں کا کردار ایک شاندار تاریخ رکھتا ہے اور دوسری قوموں کی تاریخ پر حاوی ہے ۔ اب مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی تاریخ کے تحفظ کیلئے آگے آئیں ۔ مسلم سماج کے مفکرین ، محقیقین ، مورخین اس سلسلہ میں مسلمانوں کی جدوجہد اور قربانیوں کے حقائق کو یکجا کریں ۔