نئی دہلی ۔ 15 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی سینئر خاتون فٹبال ٹیم کو موقع مل رہا ہیکہ وہ 27 فبروری کو شروع ہونے والے ترکش وومنس فٹبال کپ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔ ہندوستانی وومنس فٹبال ٹیم کو گروپ اے میں رومانیہ، ازبکستان اور ترکمستان کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ گروپ اے میں اردن، نارتھ آئرلینڈ اور میزبان ترکی شامل ہیں۔ گروپ مرحلہ کے مقابلوں میں ہر گروپ کی ٹیم ایک دوسرے کے ساتھ مقابلہ کرے گی جس کے بعد دونوں گروپوں کی سرفہرست ٹیمیں فائنل کیلئے رسائی حاصل کریں گی۔ اس ٹورنمنٹ میں خطابی مقابلہ کے علاوہ تیسرے، چوتھے، پانچویں اور چھٹے مقام کیلئے بھی مقابلے منعقد کئے جائیں گے۔ مذکورہ ٹورنمنٹ ہندوستانی ٹیم کیلئے اے ایف سی اولمپک کوالیفائر راونڈ 2 کی تیاری کا بھی موقع ہے جو کہ اپریل میں کھیلا جائے گا اس کے علاوہ مارچ میں منعقد شدنی ساف وومنس چمپئن شپ کی تیاری بھی ہوگی۔