ہندوستان کی سٹلائٹ شکن میزائل صلاحیت کا عملی مظاہرہ

,

   

خلائی طاقت میں بلند مقام ،کامیاب تجربہ قومی سفر کا باعث فخرلمحہ ، وزیراعظم مودی کا قوم سے خطاب

نئی دہلی ۔ 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے چہارشنبہ کو اعلان کیا کہ ہندوستان نے ایک لائیو سٹلائیٹ کو مار گراتے ہوئے سٹلائٹ شکن میزائل صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ کر دکھایا ہے اور اس کو ایک ایسی منفرد کامیابی قرار دیا جس نے ملک کو خلائی سوپر پاور ممالک کی مخصوص و اعلیٰ ترین صف میں پہنچا دیا ہے۔ وزیراعظم مودی نے ٹیلیویژن، ریڈیو اور سوشیل میڈیا پر قوم سے اپنے ایک غیرمعمولی خطاب کے دوران کہا کہ ’’ہر ملک و قوم کے سفر میں چند ایسے لمحات بھی ہوتے ہیں جو بے انتہاء باعث فخر ہوتے ہیں اور آنے والی نسلوں پر ان کے تاریخی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ان میں ایسا ہی آج کا دن بھی ہے۔ وزیراعظم نے سٹلائٹ شکن میزائل صلاحیتوں کے تجربہ کی کامیابی قوم سے خصوصی خطاب کے ذریعہ اعلان کیا۔ ویسے کسی اقدام کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ بعدازاں وزیراعظم نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’ہندوستان نے سٹلائٹ شکن میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ مشن شکتی کی کامیابی پر ہر کسی کو مبارکباد دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ یہ الزام کسی دوسرے ملک کے خلاف نہیں ہے اور یہ سٹلائٹ مدار میں 300 کیلو میٹر بلندی پر متعین کیا گیا تھا۔ وزیراعظم نے یہ نہیں بتایا کہ یہ سٹلائٹ کس کا تھا لیکن کہا کہ ہندوستان نے اس تجربہ کے ضمن میں کسی بین الاقوامی قانون اور معاہدہ کی خلاف ورزی نہیں کی گئی ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) (ادارہ برائے دفاعی تحقیق و ترقی) کی قیادت میں چلائے گئے مشن شکتی کا مقصد ہندوستان کی مجموعی سیکوریٹی کو مستحکم بنانا ہے۔ عام انتخابات کا شروع ہونے سے بمشکل 15 دن قبل وزیراعظم نے قوم سے خطاب
کے دوران اعلان کیا۔ مودی نے اس سے پہلے 8 نومبر 2016ء کو قوم سے خطاب کے دوران نوٹ بندی کا اعلان کیا تھا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ’’مشن شکتی ایک انتہائی سنجیدہ پروگرام تھا جو غیرمعمولی مستعدی کے ساتھ انتہائی تیز رفتار انداز میں تکمیل کو پہنچایا گیا جس سے ہندوستانی سائنسدانوں کی غیرمعمولی مہارت اور ہمارے خلائی پروگرام کی کامیابی کا اظہار ہوتا ہے‘‘۔ مودی نے کہا کہ ’’نشیبی کرۂ سے مدار میں سٹلائٹ کو مار گرانا ملک کو شاذونادر ہی ملنے والی ایک منفرد کامیابی اور کارنامہ ہے‘‘۔ مودی نے کہا کہ امرکی، روس اور چین کے بعد دنیا کا وہ چوتھا ملک ہے جس کو یہ غیرمعمولی خلائی صلاحیت و مہارت حاصل ہوئی ہے۔ اس صلاحیت کے حصول کا سارا عمل دیسی ساختہ ہے۔ خلائی طاقت کے مظاہرہ میں ہندوستان ایک بلند مقام پر پہنچ چکا ہے۔ یہ ہندوستان کو مزید محفوظ اور طاقتور بنائے گا۔ نیز امن و ہم آہنگی میں اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم نے قوم کے نام اپنے خطاب کی ٹوئیٹر پر تشہیر کرتے ہوئے اس کو ایک اہم پیغام قرار دیا۔ ان کے اس خطاب کے بعد ملک بھر میں جاری مختلف قیاس آرائیوں کا سلسلہ ختم ہوگیا۔ قبل ازیں آج دن میں کابینی کمیٹی برائے سلامتی کا ایک اہم اجلاس آج صبح وزیراعظم کی رہائش گاہ پر منعقد ہوا تھا جس کے بعد وزیراعظم مودی نے اچانک قوم سے 11:45 اور 12:00 بجے کے درمیان خطاب کا اعلان کردیا تھا۔