ہندوستان کی نیوزی لینڈ کے خلاف ریکارڈ کامیابی

   

کرائسٹ چرچ، 22 اکتوبر (آئی اے این ایس) سنجو سیمسن کی 33 گیندوں پر67 رنزکی جارحانہ اننگز اور نمن دھیرکی محض 15 گیندوں پر ناقابلِ شکست 42 رنزکی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت ہندوستان نے پہلے ٹی20 مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ جمعرات کو ہیگلے اوول میں شائقین سے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم میں ہندوستان نے 226 رنزکے ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرتے ہوئے ٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی تاریخ کا سب سے بڑا کامیاب رن چیز مکمل کیا۔ اس جیت کے ساتھ ہندوستان نے5 میچوںکی سیریز میں1۔0 کی برتری حاصل کرلی۔ سیریز کا دوسرا مقابلہ ہفتہ کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گلین فلپس کی 40 گیندوں پر ناقابلِ شکست 82 رنزکی اننگز کی بدولت 20 اووروں میں 4 وکٹوں کے نقصان پر225 رنز بنائے۔ تاہم سیمسن اور دھیرکی شاندار بیٹنگ اور اوس پڑنے کے باعث بولروں کو درپیش مشکلات نے ہندوستان کی جیت کی راہ ہموار کردی۔ ہندوستان نے 19.4 اووروں میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 230 رنز بناکر ہدف حاصل کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں ہندوستان نے جارحانہ آغازکیا۔ میٹ ہنری نے پہلی ہی گیند پر سیمسن کو پریشان کیا، لیکن ابھیشیک شرما نے اسی اوورکی آخری گیند پر چھکا لگادیا۔ یہ ٹی 20 بین الاقوامی کرکٹ میں پہلی گیند پر ان کا ریکارڈ ساتواں چھکا تھا۔ سیمسن نے ایڈم ملن کے خلاف لگاتار 2 چوکے لگائے، جبکہ لوکی فرگیوسن کے وائیڈ گیندوں سے بھرے اوور میں ہندوستان نے 22 رنز حاصل کیے۔ اگلے اوور میں ملن کو بھی ہندوستانی بیٹرس نے نشانہ بنایا۔ ابھیشیک نے2 چوکے اور2 چھکے لگاتے ہوئے اس اوور میں 26 رنز بٹورے۔ سیمسن نے ہنری کی گیند پر مڈ آن کے اوپر سے شاندار چھکا لگایا، جو رواں سال ٹی20 بین الاقوامی کرکٹ میں ہندوستان کا 350واں چھکا تھا۔ اس طرح ہندوستان ایک کیلنڈر سال میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والی ٹیم بن گیا۔ سیمسن نے مائیکل بریسویل کے اوور میں ایک چھکے اور چوکے کی مدد سے محض 23 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ ابھیشیک نے 12 گیندوں پر 29 رنز بنائے۔ پاور پلے کے اختتام پر ہندوستان کا اسکور 1 وکٹ پر 94 رنز تھا۔نویں اوور میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے سیمسن کو بولڈ کرکے ہندوستان کو بڑا جھٹکا دیا۔ سیمسن نے 8 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے۔ اس کے بعد نمبر 3 پر بھیجے گئے تلک ورما 11 گیندوں پر صرف 6 رنز بناکر بریسویل کا شکار بنے، جبکہ ایشان کشن کو سینٹنر نے محض 1 رن پر آؤٹ کردیا۔ اس طرح ہندوستان کا اسکور 4 وکٹوں پر 122 رنز ہوگیا اور مقابلہ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیالیکن ہندوستان نے تاریخی کامیابی حاصل کی ۔