ہندوستان کی ورلڈکپ کامیابی کے آج 10 سال… لیکن

   

نئی دہلی : آئی سی سی ونڈے ورلڈکپ 2011 ء کی کامیابی کے 2 اپریل کو 10 سال مکمل ہورہے ہیں کیوں کہ 2 اپریل 2011 ء کو ہندوستان نے مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں ممبئی میں منعقدہ فائنل میں سری لنکا کو شکست دے کر دوسری مرتبہ ونڈے کی عالمی چمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ فائنل میں بائیں ہاتھ کے اوپنر گوتم گمبھیر نے قیمتی 97 رنز اسکور کرتے ہوئے کامیابی کی بنیاد رکھی تھی جس کے بعد مہندر سنگھ دھونی نے چھکہ لگاتے ہوئے ٹیم کے لئے ایک یادگار کامیابی حاصل کی تھی۔ گمبھیر جنھوں نے تمام طرز کی کرکٹ میں 242 مقابلے کھیلتے ہوئے 10 ہزار سے زائد رنز اسکور کئے ہیں، وہ ہندوستان کی ونڈے ورلڈکپ میں اِس 10 سالہ تاریخی لمحے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ہم نے ہندوستان کو فخریہ لمحہ دیا تھا اور تمام لوگ خوش تھے لیکن 10 برس کے دوران ہندوستان نے دوبارہ کوئی ورلڈکپ نہیں جیتا۔ اگر ہم 2015 ء یا 2019 ء کا ورلڈکپ اپنے نام کرتے تو یقینا ہم کرکٹ کی دنیا کے سوپر پاور ہوتے۔ انھوں نے کہاکہ جب ٹیم کا ورلڈکپ کے لئے انتخاب ہوا تو ہم سبھی کامیابی حاصل کرنے کے خواہاں تھے۔ اگر میں فائنل میں 97 رنز اسکور کئے ہیں تو مجھ سے یقینا اِن رنز کی اُمید کی گئی تھی جبکہ ظہیر خان کا کام وکٹیں حاصل کرنا تھا اور ہم سمجھتے ہیں کہ 2 اپریل کو ہم نے وہی کیا جو ہماری ذمہ داری تھی۔ گمبھیر نے مزید کہاکہ مجھے یہ سمجھ میں نہیں آتا کہ عوام 1983 ء یا 2011 ء ورلڈکپ کے متعلق کیوں گفتگو کرتے ہیں۔ ہاں یہ بہتر ہے کہ ہم اِس کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہیں لیکن بہتر ہے کہ ہم ماضی سے خوش ہونے کے بجائے مستقبل پر توجہ مرکوز کریں۔ گمبھیر نے مزید کہاکہ ہمیں مستقبل کی طرف دیکھنے کی ضرورت ہے تاکہ ایک اور یادگار کامیابی حاصل کی جاسکے۔