ہندوستان کی 71 برس میں آسٹریلیائی سرزمین پر پہلی ٹسٹ کامیابی

   

سڈنی۔ 7جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان سڈنی میں چوتھا ٹسٹ ڈرا ہوگیا جس کے ساتھ ہی ہندوستان نے سیریز 1-2 سے جیت لی۔ واضح رہے کہ کوہلی کی کپتانی میں کھیلنے والی ہندوستانی ٹیم نے پہلی مرتبہ آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ چوتھے ٹسٹ میچ کے آخری دن آسٹریلیائی ٹیم فالو آن کا شکار تھی اور اسے اپنی دوسری اننگز بغیر کسی وکٹ پر چھ رنز سے شروع کرنا تھی۔ تاہم مسلسل بارش کے باعث پانچویں روز کا کھیل ممکن نہ ہوسکا اور چوتھا ٹسٹ ڈرا ہوگیا۔قبل ازیں ہندوستان نے پہلی اننگز سات وکٹوں کے نقصان پر 622 رنز پر ڈکلیئر کی تھی۔پہلی اننگز میں چتیسور پجارا نے سب سے زیادہ 193 رنز بنائے ریشبھ پنت نے 159 رنز بنا کر بڑا اسکور کرنے میں ٹیم کی مدد کی تھی۔جوابی اننگز میں آسٹریلیائی ٹیم پہلی اننگز میں 300 رنز بناکر آوٹ ہوئی اور فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔آج میچ کے آخری دن آسٹریلیائی ٹیم کو6 رنز سے فالو آن کا آغاز کرنا تھا تو تیز بارش کے باعث میچ کو ڈرا قرار دے دیا گیا۔ ہندوستان نے اس سے قبل آسٹریلیا سے کھیلے جانے والے 3 میچوں میں سے 2 میچ جیتے تھے جبکہ ایک میں شکست کا سامنا کیا تھا۔ تاہم آج کا میچ ڈرا ہونے کے باعث ہندوستان کو سیریز میں فتح حاصل ہوئی۔ ٹسٹ سیریز میں 521 رنز بنانے والے پجارا مین آف دی سیریز قرار پائے۔ واضح رہے کہ ہندوستان آسٹریلیا کے خلاف 1947 سے اب تک 11 سیریز کھیل چکا ہے جس میں سے 8 میں اسے شکست ہوئی اور 3 سیریز ڈرا رہی تھیں۔ اس مرتبہ ویراٹ کوہلی کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم پہلی مرتبہ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی۔ سیریز جیتنے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے میدان میں انوکھا ڈانس بھی پیش کیا۔ہندوستان نے بارش کی وجہ سے چوتھا ٹسٹ میچ ڈرا ہونے کے ساتھ ہی آسٹریلیا میں پہلی مرتبہ ٹسٹ سیریز جیت کر پیر کو یہاں ایک نئی تاریخ رقم کردی۔ بارش کی وجہ سے پانچویں اور آخری دن کا کھیل نہیں ہوپایا اور امپائروں نے لنچ کے بعد میچ ڈرا کرنے کا فیصلہ کیا ، جس سے ہندوستان نے چار میچوں کی سیریز 2-1 اپنے نام کرلی۔یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیا میں سیریز جیتی ہے۔ یہی نہیں یہ پہلی ایشیائی ٹیم بھی ہے ، جس نے آسٹریلیا میں سیریز جیتی ہے۔ اعداد و شمار پر نظر ڈالیں ، تو پتہ چلتا ہے کہ ایشیائی ٹیم کو یہ جیت 71 سال ، 31 سیریز ، 98 ٹسٹ کے بعد ملی ہے۔ اس دوران 272 کھلاڑی کھیلے اور 29 کپتان تبدیل ہوئے۔ اس اعتبار سے یہ کامیابی بڑی نہیں بلکہ بہت بڑی ہے۔ بہر حال سڈنی ٹسٹ بارش کی وجہ سے ڈرا ہوجانے کی وجہ سے مزہ تھوڑا ضرور خراب ہوا۔ آکاش چوپڑا نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں ویراٹ کوہلی کی دہاڑ کی کمی محسوس کروں گا۔ قابل ذکر ہے کہ ہندوستان نے ایڈیلیڈ میں پہلا ٹسٹ میچ 31 رنوں سے جیتا تھا۔ آسٹریلیا نے پرتھ میں دوسرا ٹسٹ میچ 146 رنوں سے جیت کر سیریز میں واپسی کی تھی ، لیکن ہندوستان نے ملبورن میں تیسرا میچ 137 رنوں سے جیت کر سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل کرلی ، جو اصل میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔