ہندوستان کے بشمول تمام مسلمانوں کیلئے آواز اُٹھانے کا عہد

,

   

طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا بیان

کابل:طالبان کے دوحہ میں سیاسی دفتر کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا ہے کہ طالبان کشمیر، بھارت سمیت کسی بھی ملک میں بسنے والے مسلمانوں کے لیے آواز بلند کرنے کا حق رکھتے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی اردو) کو انٹرویو میں طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کہا کہ ‘طالبان مقبوضہ جموں و کشمیر کے مسلمانوں کے لیے آواز بلند کرنے کا حق رکھتے ہیں جبکہ ہماری کسی بھی ملک کے خلاف مسلح کارروائی کی کوئی پالیسی نہیں ہے’۔انہوں نے کہا کہ ‘مسلمان ہونے کے ناطے یہ ہمارا حق ہے کہ کشمیر، بھارت اور کسی بھی دوسرے ملک میں بسنے والے مسلمانوں کے لیے آواز اٹھائیں’۔سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ ‘ہم اپنی آواز بلند کریں گے اور کہیں گے کہ مسلمان آپ کے اپنے لوگ ہیں، آپ کے اپنے شہری ہیں اور آپ کے قانون کے تحت وہ برابری کے حقوق کے مستحق ہیں’۔اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کی جانب سے کی جانے والی کوششوں پر بھارت نے ہمیشہ پانی پھیر دیا جبکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر ظلم و جبر کا سلسلہ جاری ہے۔بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کو لاک ڈاؤن نافذ کرتے ہوئے سیاسی قیادت اور کارکنوں کو نظر بند کردیا تھا اور عوام کو تعلیم، صحت اور روزگار سمیت بنیادی حقوق سے دور کر رکھا ہے۔مقبوضہ وادی میں اگست 2019 سے اسکول، کالج اور جامعات سمیت تمام تعلیمی ادارے بند ہیں اور بھارت مخالف تحریک چلانے والے سیاسی رہنماؤں کو مختلف جیلوں اور دیگر مقامات پر حراست میں رکھا ہوا ہے۔دوسری جانب بھارت میں گزشتہ برس وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں ان کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتہ پارٹی (بی جے پی) شہریت کا متنازع قانون متعارف کروایا تھا، جس کے خلاف مسلمانوں نے شدید احتجاج کیا تھا۔بھارتی حکومت نے مسلمانوں کو احتجاج کے دوران نشانہ بنایا تھا اور درجنوں افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ادھر افغانستان میں امریکا اور نیٹو فورسز کے مکمل انخلا سے قبل ہی بھارت نے طالبان کی آمد کے پیش نظر اپنے تمام سفارتی معاملات سمیٹ لیے تھے اور پہلے مرحلے پر دیگر شہروں میں قائم قونصل خانوں کو بند کردیا تھا اور اپنے سفارتی عملے کو واپس بلا لیا تھا۔اسی طرح طالبان کی وجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت مخالف گروپ مضبوط ہونے اور بھارت کو اپنا ہدف بنانے کے خدشات کا اظہار کیا گیا تھا۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق وائرل ہونے والے ایک ٹی وی مباحثے کی فوٹیج میں پاکستان کی حکمران جماعت تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی ایک رہنما سے یہ بیان منسوب ہے کہ طالبان نے کہا ہے کہ وہ ہمارے ساتھ ہیں اور کشمیر (آزاد کرانے) میں ہمیں مدد دیں گے۔