لندن : ہندوستان کے خلاف برسٹل میں کھیلے جانے والے واحد ٹسٹ کیلئے انگلینڈ نے اپنی خاتون کرکٹ ٹیم کا اعلان کردیا ہے جس میں پہلی مرتبہ فاسٹ بولر ایمیلی آرلوٹ کو شامل کیا گیا ہے۔ 16 جون کو شروع ہونے وا لے اس مقابلہ کیلئے میزبان نے اپنی 17 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ آرلوٹ جنہوں نے ساوتھرن ویپرس کے خلاف ہیٹ ٹرک کے ساتھ 5 وکٹیں حاصل کرنے کے شاندار مظاہرہ کے علاوہ سنٹرل پارک میں منعقدہ تین مقابلوں میں انہوں نے 8 وکٹیں بھی حاصل کی ہیں۔ اس شاندار مظاہروں کی بدولت فاسٹ بولر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں بائیں ہاتھ کی فاسٹ بولر اور ایسٹ اسٹارس کی کپتان تاش فرنٹ کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ فرنٹ میں انگلینڈ کیلئے 3 ونڈے اور 15 ٹی ٹوئنٹی مقابلے کھیلے ہیں لیکن ٹسٹ کرکٹ میں انہوں نے ہنوز اپنے ملک کی نمائندگی نہیں کی ہے حالانکہ 2013ء میں ہی انہوں نے اپنی ٹیم کیلئے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا ہے۔ ناٹ سیویر کو تمام طرز کی بین الاقوامی کرکٹ میں انگلش ٹیم کی نائب کپتان بنایا گیا ہے۔ یاد رہے ہندوستانی ٹیم اس وقت انگلینڈ کے دورہ پر ہے۔