نئی دہلی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ چمپئنز ٹرافی2025 کی تیاریوں میں مصروف ہے۔ آئی سی سی کا یہ ٹورنمنٹ اگلے سال کے شروع میں کھیلا جائے گا ۔ تاہم ٹیم انڈیا کی شرکت کے متعلق صورتحال ابھی واضح نہیں ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے 2008 سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا اور 2025 کی آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم کے پاکستان جانے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ ادھر چمپئنز ٹرافی کے فائنل کے حوالے سے ایک بڑی خبر سامنے آئی ہے جیسا کہ اس ٹورنمنٹ کا فائنل میچ پاکستان سے باہر ہو سکتا ہے۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعلقات کافی عرصے سے کشیدہ ہیں جس کی وجہ سے ہندوستانی ٹیم اس ملک کا دورہ نہیں کرتی۔ جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کے درمیان کوئی سیریز نہیں کھیلی جاتی، صرف آئی سی سی ٹورنمنٹس اور ایشیا کپ کے دوران ہندوستان اور پاکستان کے درمیان میچز کھیلے جاتے ہیں۔ ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق یہ ٹورنمنٹ ہائبرڈ ماڈل پرکھیلا جا سکتا ہے۔ اس ٹورنمنٹ کا فائنل میچ لاہور میں کھیلا جانا ہے لیکن اگر ٹیم انڈیا فائنل میں پہنچتی ہے تو فائنل میچ بھی پاکستان سے باہر ہوگا، اس بات کا پورا امکان ہے کہ یہ میچ دبئی میں ہو سکتا ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ ٹیم انڈیا اپنے گروپ مرحلے کے تمام میچ پاکستان سے باہرکھیلے گی اور سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد بھی مقام میں تبدیلیاں کی جائیں گی۔ فی الحال دونوں سیمی فائنلز صرف پاکستان میں کھیلے جانے ہیں۔ قبل ازیں پاکستان کو ایشیا کپ 2023 کی میزبانی بھی ملی تھی لیکن اس وقت بھی ہندوستانی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تھا۔ ٹورنمنٹ کی میزبانی ہائبرڈ ماڈل میں کی گئی۔ ٹیم انڈیا نے اپنے تمام میچ سری لنکا میں کھیلے اور فائنل بھی یہیں منعقد ہوا لہذا ایک بار پھر وہی فارمولا آزمایا جا سکتا ہے۔تقریباً 8 سال کے انتظار کے بعد چمپئنز ٹرافی کی دوبارہ واپسی ہورہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ٹورنمنٹ گزشتہ 29 سال میں پاکستانی سرزمین پر ہونے والا پہلا آئی سی سی ایونٹ بھی ہے۔ ڈرافٹ شیڈول کے مطابق ٹیم انڈیا کو اپنے تمام میچ لاہور میں کھیلنے ہیں۔