ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کیلئے پاکستان کی تازہ پیشکش

   

کشمیر مسئلہ کا حل بات چیت سے ہی ممکن، ہند ۔ پاک افواج ایک دوسرے کی عافیت کیلئے فکرمند

نئی دہلی : پاکستان نے ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کے لئے دوبارہ پیشکش کی ہے۔ پاکستانی ہائی کمشنر برائے ہند آفتاب حسن خان نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنے پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات اور خطہ میں امن و سلامتی کا خواہشمند ہے۔ پاکستان تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعہ حل کرنا چاہتا ہے۔ خاص طور پر جموں و کشمیر کے مسئلہ کے حل کے لئے دونوں ملکوں کو مذاکرات کی میز پر آنا ہوگا۔ ہائی کمشنر نے مزید کہاکہ خطہ میں ہند ۔ پاک امن کے ذریعہ ہی ترقی ممکن ہے۔ اسی دوران ہندوستان ۔ پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے معاہدہ پر عمل آوری کے اتفاق کرنے کے ایک ماہ بعد جموں و کشمیر کی سرحدوں پر مکمل طور پر ماحول بدل گیا ہے۔ سرحدی علاقوں میں بھی خوشی اور مسرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ دونوں ملکوں کی سرحدوں پر تعینات دونوں جانب کی افواج نے ایک دوسرے پر گولیوں کی بجائے پھول برسانا شروع کیا ہے۔ آپس میں محبت بانٹ رہے ہیں۔ جموں کے آر ایس پورہ سیکٹر کے سوچت گڑھ میں اوکٹرائے پوسٹ پر بارڈر سکیورٹی فورس جوانوں اور پاکستانی رینجرس کو ایک دوسرے کے ساتھ پرامن ماحول میں دیکھا جارہا ہے۔ اِس چوکی پر سیاحوں کو بھی فوجیوں کے ساتھ تصویریں کھینچتے ہوئے دیکھا گیا۔ دونوں جانب کی فوج ایک دوسرے کی عافیت کی فکر رکھتی ہے۔ ایک سیاح نے بتایا کہ وہ مقامی باشندہ ہونے کی وجہ سے اکثر یہاں آتا ہے لیکن جنگ بندی معاہدہ پر عمل آوری کے فیصلہ کے بعد یہاں کا ماحول بدل گیا ہے۔ یہ خوشی کی بات ہے کہ دونوں طرف کے فوجیوں کے چہروں پر مسکراہٹ پھیلی ہوئی ہے۔ دونوں جانب امن اور خوشحالی کی تمنا کی جارہی ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 25 فبروری کو جنگ بندی معاہدہ پر عمل آوری سے اتفاق کیا گیا تھا۔ تب سے سرحدی علاقوں میں امن دکھائی دے رہا ہے۔