ہندوستان 2021ء ورلڈ کپ کا میزبان برقرار

   

دبئی۔ عالمی وبا کورونا کی وجہ سے یہاں آئی سی سی میں رواں برس اکٹوبر اور نومبر میں آسٹریلیا میں منعقد شدنی ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کو ملتوی کردیا تھا لیکن آج ویڈیو کالنگ کے ذریعہ منعقدہ اجلاس میں 2021ء ورلڈ کپ کی میزبانی ہندوستان کو برقرار رکھی گئی ہے جبکہ آسٹریلیا کو 2022ء ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی دی گئی ہے اس کے علاوہ آئی سی سی کی جانب سے ویڈیوکالنگ اجلاس میں کیا جانے والا ایک اہم فیصلہ 2021ء وومن ونڈے ورلڈکپ کے شیڈول میں تبدیلی ہے۔ یہ ورلڈ کپ نیوزی لینڈ میں منعقد شدنی تھا لیکن اب اسے ایک سال کیلئے آگے بڑھا دیا گیا ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق آئی سی سی وومنس ونڈے ورلڈکپ اب نیوزی لینڈ میں 6 فروری تا 7 مارچ 2022ء منعقد ہوگا۔ ہندوستان کی میزبانی میں 2021ء کا ورلڈکپ اکٹوبر اور نومبر آئندہ سال منعقد ہوگا جبکہ خطابی مقابلہ 14 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ آسٹریلیا جوکہ 2020ء ورلڈ کپ کا میزبان تھا لیکن اب وہ 2022ء ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا جس کا انعقاد اکٹوبر ، نومبر میں ہوگا جبکہ اس ایونٹ کا خطابی مقابلہ 13 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ آئی سی سی نے خاتون زمرہ کا ورلڈ کپ بھی ایک سال کیلئے ملتوی کردیا ہے اس طرح کورونا کی وجہ سے ملتوی ہونے والا یہ آئی سی سی کا دوسرا بڑا ایونٹ ہے۔ خاتون زمرہ کا یہ ورلڈکپ آسٹریلیا میں ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ کے بعد کھیلا جانا تھا لیکن اب اسے 2022ء تک ملتوی کردیا گیا ہے۔