گجرات کیبھج میں مودی کی انتخابی ریالی کا عملاً آغاز ، روڈ شو سے خطاب
بھج (گجرات) : وزیراعظم نریندر مودی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہندوستان 2047ء میں ترقی یافتہ ملک ہوگا۔ مودی نے آج گجرات میں کچ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2001ء میں آئے خوفناک زلزلہ کی تباہی کے بعد انہوں نے ضلع کو ترقی دینے کا وعدہ کیا تھا اور 2022ء میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ضلع کافی ترقی کرچکا ہے۔ انہوں نے یہ وعدہ کیا کہ 2047ء تک وہ ہندوستان کو ترقی یافتہ ملک بنائیں گے اور انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ وہ اپنے اس عزم کو پورا کریں گے۔ وزیراعظم نے زلزلہ کے دوران ہلاک ہونے والوں کی یاد میں ’’سمرتی ون‘‘ کا بھج میں اور ویر بالک اسمارک کا انجار میں افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان دو یادگاروں کے باعث کچ جاپان کے ہیروشیما میوزیم کی طرح دنیا کے نقشہ پر ہوگا۔ سمرتی ون 470 ایکڑ رقبہ پر تعمیر کیا گیا۔ اس یادگار میں زلزلہ میں ہلاک ہونے والے افراد کے ناموں کو اجاگر کیا گیا ہے۔ اس کا نام سمرتی ون ارتھ کیویک میوزیم رکھا گیا ہے جس میں 2001 کے زلزلہ کے بعد گجرات کی ترقی کو پیش کیا گیا ہے۔قبل ازیں صبح میں وزیراعظم نے 5 ہزار کروڑ کے نئے پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کا اتوار کو گجرات کے بھج میں روڈ شو کے دوران سڑک کے دونوں طرف کھڑے ہزاروں لوگوں نے پرجوش استقبال کیا اور قوم پرستی کے نعرے لگائے۔ پی ایم مودی نے آئندہ گجرات انتخابات سے قبل پیر کو بھج میں انتخابی مہم چلائی۔ خواتین بھی بڑی تعداد میں وزیراعظم سے ملنے پہنچیں۔ اس دوران وہ سر پر کلش رکھے ہوئے تھیں، ساتھ ہی کچھ خواتین نے مودی سے ہاتھ بھی ملایا۔ اس دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ گجرات انتخابات سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی کے تمام بڑے لیڈر انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ اس ریاست میں مودی کی ریلیاں بھی جاری ہیں۔