ہندوستان 46 رنز پر ڈھیر ، نیوزی لینڈ 180/3

   

بنگلور۔ نیوزی لینڈ کے خلاف یہاں شروع ہوئے پہلے ٹسٹ کا دوسرا دن ہندوستان کے لئے برا دن ثابت ہوا حالانکہ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن مہمان ٹیم کے فاسٹ بولروں نے قومی کپتان کے فیصلے کو ایک ڈراؤنی خواب میں بدل دیا ۔ہندوستانی ٹیم پہلی اننگز میں 31.2 اوورس میں ہی صرف 46 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی اورجوابی اننگز میں نیوزی لینڈ کے ٹیم نے خراب روشنی کے باعث مقررہ وقت سے قبل دن کا کھیل ختم کرنے پر تین وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز اسکور کرلئے ہیں اور اسے میزبان ٹیم پر 134 رنز کی اہم سبقت حاصل ہوچکی ہے جبکہ اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں ۔ دن کے اختتام پر راچن رویندرا 22 اور ڈیرل میچل 14 رنز اسکور کرلئے ہیں ۔ دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کیلئے 26 رنز کی پارٹنر شپ ہوگئی ہے ۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ کیلئے اوپنر و کپتان ٹام لیتھم اور ڈیون کانوے نے پہلی وکٹ کیلئے 67 رنز اور دوسری وکٹ کیلئے کانوے اور ول ینگ نے 75 رنز کی پارٹنر شپ نبھاتے ہوئے ٹیم کو مستحکم موقف میں پہنچانے میں اہم رول ادا کیا ۔ کانوے شاندار اننگز کھیلنے کے باوجود سنچری سے محروم رہے جب وہ 105 گیندوں میں 91 رنز بنانے کے بعد اشون کو ریورس سوئپ کھیلنے کی کوشش میں بولڈ ہوئے ۔ ہندوستان کے لئے کلدیب یادو نے پہلی کامیابی حاصل کی جب انہوں نے حریف کپتان ٹام کو 15 رنز کے انفرادی اسکور پر ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا ۔ رویندرا جڈیجہ ینگ کو 33 کے انفرادی اسکور پر کلدیب کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروایا ۔ ہندوستانی فاسٹ بولروں کی جوڑی جسپریب بمراہ اور محمد سراج جہاں وکٹ لینے کی جدوجہد کرتے رہے وہیں دوسری جانب مہمان ٹیم کے فاسٹ بولر ماٹ ہنری نے 5 اور ہندوستان میں پہلا ٹسٹ کھیلنے والے ویلیم نے 4 وکٹیں حاصل کی ۔ ہندوستان کیلئے پنت نے سب سے زیادہ 20 اور جیسوال نے 13 رنز بنائے ۔