ہندوپاک اور ایران میں آج سے رمضان المبارک کا آغاز

   

دوبئی ۔ 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) جنوب مشرقی ایشیائی ممالک جیسے انڈونیشیاء اور ملائشیا اور مشرق وسطیٰ کے متعدد ممالک بشمول مصر، عراق اور سعودی عرب میں پیر کے روز سے رمضان المباک کا چاند نظر آنے پر منگل کے روز پہلے روزہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ یاد رہیکہ مسلمانان عالم قمری سال پر عمل آوری کرتے ہیں اور اس کا نواں مہینہ انتہائی بابرکت اور فضیلت والا یعنی رمضان المبارک کہلاتا ہے جہاں صبح صادق سے غروب آفتاب تک مسلمان مرد و خواتین روزہ رکھتے ہوئے اپنا زیادہ تر وقت عبادت میں گذارتے ہیں جس کا سلسلہ ایک ماہ تک جاری رہتا ہے اور یکم شوال کو رمضان المبارک کے اختتام پر عیدالفطر کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ روزہ صرف بھوکے اور پیاسے رہنے کا نام نہیں ہے بلکہ اللہ تعالیٰ کا حکم ہیکہ انسان ہر گناہ سے خود کو محفوظ رکھے۔ جھوٹ نہ بولے، گالی گلوشچ نہ کرے، بیوی سے جماع نہ کرے، غیبت نہ کرے اور غریبوں اور محتاجوں کا زیادہ سے زیادہ خیال رکھے۔ ضرورتمندوں کی حاجت پوری کرے اور روزہ داروں کو افطار کروائے اور اپنا زیادہ تر وقت ذکر و اذکار اور تلاوت قرآن میں گزارے ۔