ہندوپاک کی موجودہ صورتحال پر گوٹیرس کو تشویش

   

اقوام متحدہ ۔ 8 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس اس وقت ہندوپاک کی موجودہ صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے ترجمان نے بتایا کہ اقوام متحدہ کا دفتر ہندوپاک کیلئے ہمیشہ کھلا رہے گا یعنی دونوں ممالک اگر کشیدگی میں کمی کیلئے اقوام متحدہ سے تجاویز اور مشورے طلب کرنا چاہیں تو ان کا خیرمقدم کیا جائے گا۔ سکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفانی دوجارک سے یہ سوال پوچھا گیا تھا کہ آیا سکریٹری جنرل نے ہندوپاک کے وزرائے اعظم سے بات کی ہے جس کا انہوں نے مذکورہ بالا جواب دیا۔ دوجارک نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر گوٹیرس اور ان کا اسٹاف دونوں ممالک کے ساتھ مختلف سطح پر مسلسل ربط میں ہیں جبکہ قبل ازیں دوجارک نے کہا تھا کہ سکریٹری جنرل نے اب تک وزیراعظم ہندوستان نریندر مودی اور وزیراعظم پاکستان عمران خان سے کوئی بات چیت نہیں کی ہے۔ تاہم دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پر انہوں نے اپنی تشویش کا اظہار ضرور کیا۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا سکریٹری جنرل بہ نفس نفیس ہندوپاک کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی دور کرنے ثالثی کے فرائض انجام دیں گے تو اس کا جواب یہ دیا گیا کہ اگر ضرورت پڑی تو گوٹیرس ہندوپاک کے درمیان بات چیت کو ترجیح دیتے ہوئے ثالثی کے فرائض بھی انجام دے سکتے ہیں۔