ہند۔آسٹریلیا آج میلبورن میں باکسنگ ڈے ٹسٹ کا آغاز

   

میلبورن ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما کل یہاں شروع ہونے والے باکسنگ ڈے ٹسٹ میں آسٹریلیا کے خلاف اوپننگ کریں گے جبکہ کے ایل راہول تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روہت سیریز کے دو میچز میں چھٹے نمبر پر بیٹنگ کرنے کے بعد ایک بار پھر بطور اوپنر واپس آئیں گے تاہم شبھمن گل کے بیٹنگ آرڈر کے بارے میں کوئی وضاحت نہیں دی گئی۔ مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ ہندوستان دو اسپنرزکھلانے پر غورکررہا ہے، جس میں واشنگٹن سندر رویندر جڈیجہ کے ساتھ جوڑی بنائیں گے۔ اس صورت میں نتیش کمار ریڈی جو موجودہ پانچ میچزکی ٹسٹ سیریز میں اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں انہیں ٹیم سے باہر ہونا پڑے گا۔ دوسری جانب آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک 700 بین الاقوامی وکٹیں مکمل کرنے سے صرف پانچ وکٹیں دورہیں۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے آسٹریلیا کے چوتھے بولر بن جائیں گے، اسپنر شین وارن (1,001 وکٹیں)، گلین میک گرا (949 وکٹیں) اور بریٹ لی (718 وکٹیں) کے بعد وہ اس فہرست میں شامل ہوجائیں گے ۔284 بین الاقوامی میچوں میں اسٹارک نے 25.67 کی اوسط سے 695 وکٹیں حاصل کی ہیں، بہترین بولنگ کے اعداد و شمار 6/28 اور 24 رنز پر پانچ وکٹوں کے ساتھ وہ اس فہرست کا حصہ ہوں گے ۔ ٹیسٹ کرکٹ ان کا بہترین فارمیٹ ہے، جہاں انہوں نے92 میچز میں 27.55 کی اوسط سے 372 وکٹیں حاصل کی ہیں، بہترین اعداد و شمار 6/48 اور 15 مرتبہ پانچ وکٹیں درج ہیں ۔ وہ اس فارمیٹ میں آسٹریلیا کے چوتھے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر ہیں۔127 ون ڈے میچز میں، انہوں نے 23.40 کی اوسط سے 244 وکٹیں حاصل کی ہیں، بہترین اعداد و شمار 6/28 کے ساتھ۔ اس فارمیٹ میں بھی وہ آسٹریلیا کے چوتھے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر ہیں۔ اسٹارک کی وکٹوں نے آسٹریلیا کو بڑی کامیابیاں دلائی ہیں، جن میں دو آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ (2015 اور 2023)، آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2021 اورگزشتہ سال آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ شامل ہیں۔ اسٹارک ہندوستان کے خلاف 100 بین الاقوامی وکٹیں مکمل کرنے سے بھی صرف ایک وکٹ دور ہیں، اور ایسا کرنے والے آسٹریلیا کے تیسرے کھلاڑی بن سکتے ہیں، لیون اور لی کے بعد وہ تیسرے بولر ہوں گے ۔45 میچز میں اسٹارک نے ہندوستان کے خلاف 33.51 کی اوسط سے 99 وکٹیں حاصل کی ہیں، بہترین بولنگ کے اعداد و شمار 6/51 ہیں۔ ہندوستان کے لئے ٹاپ آرڈرمیں جیسوال، گل اور ویراٹ کوہلی کے ناقص مظاہرے تشویش کا باعث ہیں جبکہ پنت کے بیٹ سے بھی ایک بڑی اننگز باقی ہے ۔ہندوستان کیلئے بولنگ شعبہ کی ناقص کارکردگی بھی تشویش کا باعث ہیں کیونکہ فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کے سواء کوئی بولر متاثر نہیں کرپارہا ہے ۔