امریکی لڑاکا طیارہ بردار جہاز پر راج ناتھ سنگھ کی موجودگی اور جنگی طیارہ کی کارکردگی کا مشاہدہ اہمیت کا حامل
امریکی لڑاکا طیارہ کے خریداروں کی دوڑ میں ہندوستان کے علاوہ فن لینڈ، جرمنی اور سوئٹزر لینڈ بھی شامل
واشنگٹن۔18 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے امریکہ کے نورفوک (ورجینیا) میں واقع بحری ایئراسٹیشن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بوئنگ لڑاکا طیارہ کی جنگی مظاہرہ کا بہ نفس نفیس مشاہدہ کیا جو اس بات کی علامت ہے کہ ہند۔امریکہ کے دفاعی تعلقات اس وقت عروج پر ہیں۔ یاد رہے کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جئے شنکر اس وقت امریکہ کے دورہ پر ہیں جہاں وہ چہارشنبہ کو 2+2 ڈائیلاگ میں حصہ لے رہے ہیں۔ دونوں وزراء کی میزبانی ان کے امریکی ہم منصب مارک ایسپر اور مائک پومپیو کررہے ہیں۔ اس موقع پر مسٹر سنگھ نے بھی بحری ایراسٹیشن کے دورہ اور بوئنگ لڑاکا طیارہ کے جنگی مظاہرہ کا مشاہدہ کرنے کے بارے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے توثیق کی۔ اپنے دوسرے ٹوئٹ میں بھی موصوف نے ہند۔امریکی دفاعی تعلقات کے مستحکم ہونے کا تذکرہ کیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ اس وقت ہندوستان خود بھی لڑاکا طیاروں کی خریداری میں دلچسپی رکھتا ہے اور ایسے موقع پر راج ناتھ سنگھ کی امریکی لڑاکا طیارہ ڈوائٹ ڈی آئزن ہاور میں سواری اس بات کی عکاس ہے کہ اس طرح وزیر خارجہ ہند نے کم و بیش یہ اشارے دیئے ہیں کہ ہندوستان امریکہ سے لڑاکا طیارہ خریدنے کا خواہاں ہے۔ F/A-18 نوعیت کے 400 لڑاکا طیارے موجود ہیں اور ان کی خریداری کے لیے ہندوستان کے علاوہ فن لینڈ، سوئٹزرلینڈ اور جرمنی میں مسابقت ہے۔ بوئنگ کے ڈیفنس اور مارکٹنگ کے نائب صدر تھام بریکین رج نے یہ بات بتائی۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ، وزیر دفاع (امریکہ) مارک اسیپر، وزیر خارجہ ہند ایس جئے شنکر اور وزیر خارجہ (امریکہ) مائک پومپیو 2+2 مداکرات میں حصہ لے رہے ہیں۔ بوئنگ ہندوستانی فضائیہ کو تربیت فراہم کرتا رہا ہے اور بات چیت کا موضوع اس سے آگے کا تسلسل ثابت ہوسکتا ہے کیوں کہ یہ امکان ہے بوئنگ ہندوستانی فضائیہ، ہندوستانی خانگی اور عوامی سیکٹر تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کرے گا اور خصوصی طور پر F/A-18 سوپر ہارنیٹ لڑاکا طیاروں سے متعلق بات چیت ا ہمیت کی حامل ہوگی۔