ہند۔امریکی فوج کی مشترکہ مشق اتراکھنڈ اور راجستھان میں شروع

   

نئی دہلی، 15 ستمبر (یو این آئی) ہندوستان اور امریکہ کے فوجیوں کے درمیان مشترکہ فوجی مشق یدھ ابھیاس-2026 منگل کو اتراکھنڈ کے اولی اور راجستھان کے مہاجن فیلڈ فائرنگ رینج میں شروع ہوئی جس میں دونوں ممالک کے 600‘600 جوان حصہ لے رہے ہیں۔مشق کے 22 ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب اتراکھنڈ کے اولی فارن ٹریننگ نوڈ میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں 14 انفنٹری ڈویژن کے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل امریش گنجن اور امریکی فوج کی 11 ویں ایئر بورن ڈویژن کی پہلی انفنٹری بریگیڈ کامبیٹ ٹیم کے کمانڈر کرنل بنجمن جیک مین نے فوجیوں سے خطاب کیا۔اس مشق کا مقصد پہاڑی اور نیم پہاڑی علاقوں میں مربوط جنگی دستوں کے استعمال کے لیے دونوں افواج کی مشترکہ فوجی صلاحیت کو بڑھانا ہے ۔ اس میں پیادہ فوج کے آپریشنز پر خصوصی زور دیا جائے گا۔ مشق سے دونوں افواج کے درمیان بہتر ہم آہنگی، کام کرنے کے طریقوں کے تبادلے اور مشترکہ منصوبہ بندی نیز اس کے نفاذ کی صلاحیت مضبوط ہوگی۔مشق میں نئی ٹیکنالوجیز کے استعمال پر بھی زور رہے گا۔ فوجی نگرانی اور خفیہ معلومات حاصل کر نے کیلئے ڈرون اور خودکار نظاموں کا بھی استعمال کریں گے ۔ مہاجن فیلڈ فائرنگ رینج میں جدید ہتھیاروں کے نظام کا مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔ دونوں افواج کے ماہرین ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور متعدد شعبوں میں ایک ساتھ ہونے والی جنگ سے جڑے ارتقاء پر تبادلہ خیال کریں گے ۔مشق کے دوران دونوں افواج مختلف علاقوں اور حالات میں مشترکہ فوجی آپریشن چلانے کی اپنی صلاحیت بڑھانے کے ساتھ ساتھ حکمتِ عملی، تکنیک اور دیگر سرگرمیوں کے طریقے کار کو مشترک کریں گی۔