ہند۔ویسٹ انڈیز آج پانچواں ٹی 20 ، بارش کا خدشہ

   

بنگلورو، 16 اکتوبر (آئی اے این ایس) ہندوستانی ٹیم ہفتہ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف پانچویں اور فیصلہ کن ٹی 20 بین الاقوامی مقابلے میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر ناقابل شکست ریکارڈ برقرار رکھنے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔ بنگلورو کے ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس مقابلے پر بارش کا سایہ بھی منڈلا رہا ہے۔سیریز کے گزشتہ 4 مقابلوں میں رنزکی بارش دیکھنے کو ملی ہے۔ ویسٹ انڈیز250 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے علاوہ 247 رنزکا دفاع کرتے ہوئے 24 رنز سے کامیابی بھی درج کر چکا ہے۔ ہندوستانی بولنگ کی کارکردگی مسلسل سوالات کی زد میں ہے، خصوصاً جسپریت بمراہ اور ہاردک پانڈیا کی غیر موجودگی میں بولنگ کے مستقبل پر تشویش ظاہرکی جا رہی ہے۔ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ اس دورے پر شاندار فارم میں ہیں۔ وہ 5 میچوں میں 539 رنز بنا چکے ہیں، جن میں ونڈے اور ٹی20 بین الاقوامی مقابلوں میں 2، 2 سنچریاں شامل ہیں۔ ان کی ناقابل شکست اننگز والے تینوں مقابلوں میں ویسٹ انڈیز نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اگر ویسٹ انڈیز یہ میچ بھی جیت لیتا ہے تو فروری 2019 میں آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے بعد ہندوستان کو اسی کی سرزمین پر ٹی20 سیریز میں شکست دینے والی پہلی ٹیم بن جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم کو بھونیشور کمارکی شمولیت سے تقویت ملی ہے۔ وہ ارشدیپ سنگھ کے زخمی ہونے کے بعد متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔ ارشدیپ کو حیدرآباد میں گزشتہ مقابلے کے آخری اوور میں بیٹنگ کے دوران بولنگ والے بازو پر گیند لگی تھی۔ ہندوستان کو سنجو سیمسن سے بھی اچھی کارکردگی کی امید ہوگی، جو سیریز میں 2 نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔ ابھیشیک شرما نے تیسرے ٹی20 میں عمدہ کھیل پیش کیا تھا، تاہم چوتھے مقابلے میں وہ 24 گیندوں پر29 رنز ہی بنا سکے۔مقابلے کے دوران بارش کا امکان ہے۔ موسم صاف رہنے کی صورت میں ایک بار پھر بڑے اسکور اور چھکوں کی برسات متوقع ہے۔ ہندوستان کو سیریز جیتنے اور اپنے ہوم ریکارڈ کو برقرار رکھنے کے لیے بیٹنگ کے ساتھ بولنگ میں بھی بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔میچ ہفتہ، 17 اکتوبر کو شام 7 بجے شروع ہوگا۔ مقابلے کی براہِ راست نشریات اسٹار اسپورٹس نیٹ ورک پر ہوگی، جبکہ جیو ہاٹ اسٹار ایپ اور ویب سائٹ پر براہِ راست اسٹریمنگ دستیاب ہوگی۔