ہند۔پرتگال مختلف شعبوں میں دوطرفہ معاہدوں پر عمل آوری کیلئے رضامند

   

نئی دہلی، 5 نومبر (یو این آئی) ہندوستان اور پرتگال نے سیاسی، تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کے شعبے میں تعاون کا جائزہ لیتے ہوئے دو طرفہ معاہدوں پر جاری مذاکرات کو جلد از جلد مکمل کرنے پر اتفاق ظاہر کیا ہے ۔ یہ اتفاق لزبن میں دونوں ممالک کے وزارتِ خارجہ کے عہدیداروں کے درمیان بات چیت میں ہوا۔ وزارتِ خارجہ نے چہارشنبہ کے روز بتایا کہ وزارت خارجہ میں سکریٹری (مغرب) سِبی جارج اور پرتگال کے وزارتِ خارجہ میں خارجہ پالیسی کی ڈائریکٹر جنرل ہیلینا مالکاٹا کی مشترکہ صدارت میں ہندوستان۔پرتگال کی پانچویں دفتر خارجہ کی مشاورتی میٹنگ پیر کے روز منعقد ہوئی۔ وزارت کے بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقوں نے سیاسی تعلقات، تجارت و اقتصادی تعاون، ثقافتی رشتے اور عوامی روابط سمیت دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا۔ بات چیت میں دفاع و سلامتی، قابلِ تجدید توانائی، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، سیاحت اور تعلیم جیسے شعبوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں فریقوں نے جاری باہمی معاہدوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور ان مذاکرات کو جلد مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔