ہند۔ آسٹریلیا سیریز کے انعقادکا قوی امکان : رابرٹس

   

Ferty9 Clinic

میلبورن۔23مئی ( سیاست ڈاٹ کام )کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کھیل سرگرمیاں ٹھپ ہونے کے درمیان کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) کے چیف ایکزیکٹئو افسر کیون رابرٹس کا خیال ہے کہ ہندوستان کے سال کے آخر میں ہونے والے آسٹریلیا دورے کا قوی امکان ہے۔ہندوستان کو سال کے آخر میں آسٹریلیا کے ساتھ چار ٹیسٹ اور تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنی ہے لیکن کورونا کی وجہ سے اس کے انعقاد پر خطرہ منڈلا رہا ہے۔سی اے کے لئے ہندوستان دورہ مالی طور پر بھی بہت اہم ہے۔ہندستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے بھی اس دورے کو لے کر مثبت بات چل رہی ہے۔اس دوران کورونا وائرس کے خطرے کی وجہ سے مقابلوں کو ناظرین کے بغیر اور محدود مقام پر کرانے کی بحث بھی چل رہی ہے۔رابرٹس نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں ابھی کچھ واضح نہیں ہے۔میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ دورہ ضرور ہوگا لیکن ہاں دورے کا امکان غالب ہے۔اگر اس امکان کو 10 کے اسکیل پر دیکھا جائے تو میری نظر میں دورے کا امکان نو پوائنٹس کے برابر ہے۔انہوں نے کہا کہ بدلتے حالات میں کوئی یہ نہیں کہہ سکتا کہ ناظرین ہوں گے یا نہیں۔اگر ہندوستان کا آسٹریلیا دورہ نہیں ہوا تو مجھے بہت حیرت ہو گی۔