ہند۔ سری لنکا کی افواج کی انسدادِ دہشت گردی مشق مترشکتی جاری

   

کولمبو، 23 نومبر (آئی اے این ایس) ہندوستان اور سری لنکا کی افواج نے مشترکہ فوجی مشق ’متر شکتی 2026‘ کے بارہویں ایڈیشن کے تحت نیم شہری علاقوں میں انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے تربیت شروع کردی ہے۔ یہ 14 روزہ مشق سری لنکا کے مدورو اویا میں واقع آرمی ٹریننگ اسکول میں 26 نومبر تک جاری رہے گی۔ ہندوستانی فوج کے مطابق دونوں ممالک کے فوجی دستے مشترکہ منصوبہ بندی، حکمت عملی پر مبنی مشقوں اور خصوصی جنگی مہارتوں کی تربیت حاصل کررہے ہیں۔ اس میں گشت، گھات لگانے، فوجی قافلوں کی حفاظت اور شہری علاقوں میں ناکہ بندی جیسی کارروائیاں شامل ہیں۔ اس مشق میں ہندوستانی دفاعی دستوں کے 170 اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ وزارت دفاع کے مطابق اس مشترکہ مشق کا مقصد اقوام متحدہ کے مینڈیٹ کے تحت نیم شہری ماحول میں انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کے لیے دونوں ممالک کی افواج کی مشترکہ صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے۔ اس کے ذریعہ فوجی تعاون، عملی تجربات کے تبادلے اور بہترین طریقہ کار سے استفادے کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ تربیتی پروگرام میں جسمانی صلاحیت بہتر بنانے، حکمت عملی کی مشقوں اور دونوں افواج کے درمیان رابطہ و تال میل مضبوط کرنے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ ہجوم کو منتشر کرنے، شہری علاقوں میں گشت، گاڑیوں کے قافلوں کی حفاظت اور مضبوط مورچوں کے خلاف مشترکہ فوجی کارروائیوں کی تربیت بھی دی جائے گی۔ مشق کے اختتام پر ایک جامع عملی جائزہ لیا جائے گا، جس میں دونوں ممالک کے فوجی دستے تربیت کے دوران سیکھی گئی حکمت عملی اور طریقہ کار کا مشترکہ طور پر مظاہرہ کریں گے۔ وزارت دفاع کے مطابق ’متر شکتی 2026‘ سے ہندوستان اور سری لنکا کے دفاعی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی، باہمی اعتماد اور علاقائی امن و سلامتی کو فروغ ملے گا۔واضح رہے کہ ’متر شکتی‘ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ہر سال منعقد ہونے والی دوطرفہ فوجی مشق ہے، جس کی میزبانی دونوں ممالک باری باری کرتے ہیں۔