سعودی۔ انڈین بزنس نیٹ ورک کی مساعی
حیدرآباد۔/18 جنوری، ( سیاست نیوز) سعودی۔ انڈین بزنس نیٹ ورک جدہ چیاپٹر کی جانب سے سالانہ ورکشاپ کا انعقاد عمل میں آیا تاکہ سعودی عرب میں تجارت کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لیا جاسکے۔ سعودی عرب کے لئے اہمیت کے حامل شعبہ جات میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے مقصد سے یہ گروپ کام کررہا ہے۔ جدہ میں ہندوستانی کونسل جنرل محمد شاہد عالم نے خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2022 ہندوستان اور سعودی عرب کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کیلئے اہمیت کا حامل رہا۔ اس سال ہندوستان کے وزیر کامرس اور پھر وزیر خارجہ نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور اور تجارت پر بات چیت ہوئی۔ گذشتہ سال تجارت کے سلسلہ میں مقررہ نشانہ کی تکمیل ہوئی ہے۔ جاریہ سال بھی نئے نشانے مقرر کئے گئے۔ ورکشاپ میں سعودی ۔ انڈین بزنس نیٹ ورک کے ارکان اور کونسلیٹ کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ نیٹ ورک کے جنرل سکریٹری پردیپ شرما نے سال 2022 کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2023 میں بعض نئے شعبہ جات متعارف کئے گئے ہیں تاکہ دونوں ممالک میں تجارت کو فروغ حاصل ہو۔ کھلونوں کے علاوہ تفریحی سامان، فارماسیوٹیکل، فوڈ پروسیسنگ، سیاحت اور تفریحی شعبہ جات کو گذشتہ سال ترجیح دی گئی۔ مشنری، آلات، کیمیکلس، میڈیکل آلات اور بلڈنگ میٹریل کو تجارتی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ اس موقع پر کلچرل پروگرام منعقد کیا گیا اور کونسل جنرل کے ہاتھوں انعامات تقسیم کئے گئے۔ر