ہند۔ یوروپی یونین شراکت داری عالمی امن و استحکام کیلئے کلید

,

   

نئی دہلی: وزیراعظم نریندر مودی نے چہارشنبہ کو 15 ویں انڈیا ۔ یوروپی یونین سمٹ سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ خطاب کیا اور کہا کہ ہندوستان اور یوروپی یونین کی شراکت داری عالمی امن و استحکام کیلئے کلید کی حیثیت رکھتی ہے۔ سمٹ میں اپنے ابتدائی ریمارکس میں مودی نے کہا کہ یہ حقیقت آج کی عالمی صورتحال میں مزید واضح ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انڈیا اور ای یو کے درمیان روابط کو مضبوط کرنے کے پابند عہد ہے۔ ہمیں عمل پر مبنی ایجنڈہ پر آگے بڑھنا چاہئے تاکہ روابط میں وسعت پیدا ہو اور اسے وقت مقررہ کے اندرون پورا کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریق طویل مدتی چیلنجوں جیسے آب و ہوا میں تبدیلی پر بھی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ کوویڈ۔19 کے موجودہ حالات میں یہ شراکت داری معاشی تعمیرنو اور انسانوں کی بھلائی پر مبنی عالمی مہم میں اہم رول ادا کرسکتی ہے۔ مودی نے کہا کہ ہندوستان اور یوروپی یونین دونوں جمہوریت، تکثیریت، مشمولیت، آزادی، ہمہ رخی نہج اور شفافیت جیسے مشترک آفاقی اقدار رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سمٹ کو مارچ میں کوروناوائرس وبا کے سبب منسوخ کرنا پڑا تھا لیکن یہ اچھی بات ہیکہ فریقین ورچول میڈیم کے ذریعہ یکجا ہوپائے ہیں۔ سمٹ میں یوروپی یونین وفد کی قیادت صدر یوروپین کونسل چارلس مائیکل اور صدر یوروپی کمیشن یو وی لیئن کررہے ہیں۔ وزیراعظم مودی نے کہا کہ ان مذاکرات سے یوروپ کے ساتھ نئی دہلی میں معاشی و ثقافتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ 13 سالہ مذاکرات کے بعد انڈیا اور یوروپین یونین نے منگل کو سیول نیوکلیئر کوآپریشن اگریمنٹ طئے کیا ہے۔ یہ معاملت ان کی ورچول سمٹ سے قبل طئے ہوئی۔