ہند ، سعودی عرب کیساتھ تعلقات میں بہتری کی کوشش

   

جموں و کشمیر میںشورش پر مہاترمحمد کے تبصرہ نے روابط بگاڑے : ملائیشیائی وزیرخارجہ

کوالالمپور ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا میں حال ہی میں مقرر کیے جانے والے نئے وزیر خارجہ داتوک سری ہشام الدین حسین کا کہنا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ خصوصی تعلقات کو ترجیح دیں گے۔ملائیشیا کے اخبار ’’ملائیشیا کینی‘‘ کے مطابق جمعہ کے روز داتوک نے کہا کہ انہوں نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کو ملائیشیا کے دورے کی دعوت ارسال کر دی ہے۔وسما پترا میں اپنے استقبال کی تقریب سے خطاب کے دوران نئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ “ہماری خارجہ پالیسی کی ایک اہم ترجیح سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو درست کرنا ہے”۔بعد ازاں مذکورہ وزیر نے کہا کہ وہ ہندوستان کے ساتھ بھی تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔ گذشتہ برس ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کے بیان کے بعد دونوں ملکوں کے بیچ تعلقات میں کشیدگی آ گیا تھا۔ مہاتیر نے جموں و کشمیر میں شورش پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے اشتعال انگیز قرار دیا تھا۔حسین کے مطابق ملائیشیا کوئی عظیم طاقت نہیں لہٰذا اس بات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ وہ لوگ ہمارے قریب ہوں جو دنیا میں اثر انداز ہونے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔کابینہ کے اجلاس میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ کورونا وائرس سے متاثرہ دیگر ممالک مثلا چین، اطالیہ اور سنگاپور وغیرہ سے درخواست کریں گے کہ وہ اس مشکل سے نمٹنے کے سلسلے میں اپنے تجربات سے آگاہ کریں۔واضح رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں کوالالمپور میں ہونے والے سربراہ اجلاس سے قبل سعودی عرب نے ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد کو باور کرایا تھا کہ مذکورہ اجلاس موجودہ اسلامی تعاون تنظیم کی جگہ نہیں لے سکے گا۔