سکھ رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ
ٹورنٹو : ہندوستان کی خفیہ ایجنسی ‘‘را’’ کی جانب سے خالصتان کے سکھ رہنماوں کو قتل کرنے کی سازش کیخلاف امریکہ اور کینیڈا ایک پیج پر آ گئے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کینیڈا کے وزیر اعظم نے کہا ہے کہ اگست کے مہینے سے ہم دنیا بھر میں اپنے امریکی ہم منصبوں کے ساتھ مل کر ہندو ستان پر لگے سنگین الزامات کی تحقیقات کر رہے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ ہندوستانی حکومت کے ایجنٹس کینیڈین شہری کے قتل میں ملوث ہیں، ہند وستان کو معاملے کو سنجیدگی سے لینے اور اس پر تعاون کرنے کی ضرورت ہے، کینیڈین شہریوں کو محفوظ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ میں خالصتان تحریک کے رہنما کے قتل کی سازش میں ہندو ستان کے ملوث ہونے کے الزامات انتہائی سنجیدہ نوعیت کے ہیں، ہم نے سکھ رہنما کے قتل کی سازش میں ہند وستانی شہری کے ملوث ہونے کے معاملے کو نہایت سنجیدگی سے لیا ہے۔ انٹونی بلنکن نے مزید کہا ہے کہ قتل کی سازش کے معاملے پر ہندوستانی حکومت کی جانب سے تفتیش کرانے کے وعدے کا پورا ہونے کا انتظار ہے، ہم دیکھنا چاہتے ہیں کہ ہندوستانی حکومت کی تفتیش میں کیا بات سامنے آتی ہے۔واضح رہے کہ امریکی انٹیلی جنس ایجنسی نے گروپتونت سنگھ کے قتل کی سازش میں ہندوستانی فورس کے اہلکار کے ملوث ہونے کا شواہد کے ساتھ انکشاف کیا تھا۔