ہند ۔ افغانستان کے درمیان تعلقات میں مزید استحکام کا فیصلہ

   

قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد محمد سلیمان ککر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ افغانستان کے قونصل جنرل متعینہ حیدرآباد محمد سلیمان ککر نے آج کہا کہ ہندوستان اور افغانستان کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے حیدرآباد قونصل خانہ اپنی کارکردگی میں اضافہ کرے گا۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سلیمان ککر نے کہا کہ افغانی حیدرآبادی قونصل خانہ کو گذشتہ سال نومبر میں قائم کیا تھا جس کے تحت تلنگانہ میں زیر تعلیم افغانی طلبہ کو بڑے پیمانہ پر مدد کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہند ۔ افغان تعلقات کو تلنگانہ کے ذریعہ مزید مستحکم کرنے کیلئے جاریہ سال اپریل میں شہر حیدرآباد میں فوڈ فیسٹول منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآبادی قونصل خانہ کے ذریعہ باہمی تعلق کے علاوہ معیشت کے فروغ کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ فیسٹول میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے کئی ہوٹل مالکین لذیز افغانی کھانے پیش کریں گے۔ مسٹر سلیمان ککر نے کہا کہ شہر حیدرآباد میں 200 سے زائد افغانی طلبہ زیر تعلیم ہیں اور یہاں کی تعلیم معیاری ہے۔ اخباری نمائندوں سے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ہندوستان کی جانب سے پیش کئے گئے کوویڈ 19 ویکسین پر انہوں نے مسرت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ طالبان سے امن بات چیت مرحلہ کا عنقریب آغاز ہوگا۔