نئی دہلی : ہند ۔ پاک تجارت کا احیاء اسلام آباد پر منحصر ہے جس میں 2019ء میں یکطرفہ طور پر تجارتی روابط منقطع کرلئے تھے۔ اس معاملہ سے واقف ذرائع نے بتایا کہ حکومت ہند کو پاکستان کے ساتھ باہمی تجارت کے احیاء کی کوئی جلدی نہیں ہے کیونکہ یہ سلسلہ حکومت ہند نے نہیں روکا بلکہ اسلام آباد نے 2019ء میں جموں و کشمیر سے متعلق خصوصی آرٹیکل 370 کی منسوخی پر ہندوستان کے ساتھ تعلقات منقطع کرلئے تھے۔ پاکستان کے وزیرفینانس مفتاح اسمعیل نے اس ہفتہ کے اوائل کہا تھا کہ اسلام آباد ہندوستان سے ترکاریاں اور غذائی اشیاء کی درآمد پر غور کرسکتا ہے تاکہ سیلاب کے سبب پیدا شدہ قلت سے نمٹا جاسکے۔ سیلاب نے تاحال زائد از 1000 افراد کی جان لے لی اور 33 ملین دیگر متاثر ہوچکے ہیں۔ چند دن سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور انسانی بنیادوں پر امداد و اعانت کے موضوعات پر بات ہورہی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے پاکستانی ہم منصب شہباز شریف نے ٹوئیٹس کا تبادلہ کیا ہے۔