ہند ۔ پاک کشیدگی کم کرنے اقدامات کریں : وزیراعظم برطانیہ

,

   

امیر قطر کا بھی عمران خان سے ٹیلیفون پر رابطہ ، ہند پاک کے درمیان ثالثی کی پیشکش
لندن ۔ /3 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم برطانیہ تھریسامے نے آج ہندوستان اور پاکستان کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی کشیدگی کم کرنے کیلئے اقدامات کریں ۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ٹیلیفون کیا اور پلوامہ حملے کے بعد کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ عمران خان نے تھریسامے کو تمام تفصیلات سے واقف کروایا ۔ پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ عمران خان سے بات چیت کرتے ہوئے تھریسامے نے کہا کہ پاکستان اور ہندوستان کو اپنی کشیدگی کم کرنی چاہئیے ۔ برطانیہ دونوں ملکوں کے ساتھ باہمی رابطے قائم رکھا ہے ۔ برطانوی وزیراعظم نے ہندوستانی پائیلٹ ابھینندن کی رہائی کیلئے عمران خان کے اقدام کی ستائش کی اور کہا کہ عمران خان کے اس فیصلہ کی عالمی سطح پر بھی ستائش کی جارہی ہے ۔ بات چیت کے دوران عمران خان نے وزیراعظم برطانیہ کو پاکستان آنے کی دعوت دی ہے جبکہ جواب میں تھریسامے نے بھی پاکستانی وزیراعظم کو بھی دورہ برطانیہ کی دعوت دی ۔ اسی دوران امیر قطر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ٹیلیفون کیا اور ہندوستان کے ساتھ حالیہ کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے ہند پاک کے درمیان ثالثی کرانے کی پیشکش کی ۔ حکومت کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے ٹوئیٹر پر بتایا کہ امیر قطر نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ٹیلیفون کیا جس میں برصغیر کی صورتحال پر بات چیت کی گئی ۔ امیر قطر نے کہا کہ ہندوستانی جنگی قیدی کو رہا کرنا قابل تعریف ہے ۔ اسی طرح ہندوستان اور پاکستان کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کو بھی ختم کیا جانا چاہئیے ۔