ہنمنت راؤ نے یادادری گٹہ مندر کا دورہ کیا

   

Ferty9 Clinic

ستونوں پر کے سی آر کی تصویر لمحہ آخر میں ہٹادی گئی ، تحقیقات کا مطالبہ

حیدرآباد۔/8 ستمبر، ( سیاست نیوز) سابق صدر پردیش کانگریس و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آج یادادری گٹہ مندر کا دورہ کرتے ہوئے ستونوں پر کے سی آر، کار اور دیگر قائدین کی تصاویر نقش کئے جانے کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پارٹی قائدین کے ہمراہ نقش نگاری میں مصروف عہدیداروں اور فنکاروں سے ملاقات کی اور معلومات حاصل کیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے دفتر سے انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ تمام تصاویر کے نقش کو ہٹادیا جائے۔ ہنمنت راؤ نے بتایا کہ چیف منسٹر نے بظاہر یہ ہدایت دی ہے لیکن حکومت کے اشارے کے بغیر کے سی آر اور کار کی تصویر شامل نہیں کی جاسکتی۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کے ساتھ ہی حکومت نے تصاویر ہٹانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے یادادری کے عہدیدار کشن راؤ اور آرٹسٹ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر انہوں نے اپنی مرضی سے یہ قدم اٹھایا ہے تو ان کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیئے۔ ہنمنت راؤ نے شبہ ظاہر کیا کہ کے سی آر اور کار کی تصویروں کے پس پردہ کوئی اہم شخصیت ہے۔ حقائق منظر عام پر آنے چاہیئے۔ اسی دوران چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری کے بھوپال ریڈی نے انہیں یادادری ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اسپیشل آفیسر کشن راؤ اور آرٹ ڈائرکٹر آنند سائی کو پرگتی بھون طلب کرتے ہوئے تصاویر فوری ہٹانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ستونوں پر صرف بھگوانوں کی تصاویر ہونی چاہیئے۔ چیف منسٹر کے اسپیشل سکریٹری نے سیاسی قائدین اور پارٹی کے انتخابی نشانات کو ستونوں پر شامل کرنے پر ناراضگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر، اندرا گاندھی، مہاتما گاندھی اور دیگر سیاسی علامتوں کو فوری ہٹادیا جائے۔