ہنومان چالیسا تنازعہ: نونیت رانا اور روی رانا کو عدالت سے جھٹکہ

   

ممبئی : رکن پارلیمنٹ نونیت رانا اور ان کے شوہر رکن اسمبلی روی رانا کو مہاراشٹر کے سیشن کورٹ نے زوردار جھٹکا دیا ہے۔ عدالت نے ہنومان چالیسا تنازعہ پر دونوں کے خلاف وارنٹ جاری کر دیا ہے۔ دراصل دونوں نے مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے گھر کے باہر ہنومان چالیسا پڑھنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد کافی تنازعہ پیدا ہو گیا تھا۔ اس معاملے میں سیشن کورٹ نے دونوں کے خلاف ضمانتی وارنٹ جاری کیا ہے۔اس معاملے میں عدالت نے دونوں کو نوٹس جاری کر 11 نومبر کو عدالت میں حاضر ہونے کی ہدایت دی تھی، لیکن دونوں ہی غیر حاضر رہے۔ آج بھی جب ہنومان چالیسا تنازعہ کو لے کر عدالت میں سماعت ہوئی تو نہ ہی نوین رانا پہنچیں اور نہ ہی روی رانا۔ دونوں کی غیر حاضری کو دیکھتے ہوئے عدالت نے دونوں کے خلاف ضمانتی وارنٹ جاری کر دیا۔دونوں پر یہ بھی الزام ہے کہ سڑک پر اسٹیج بنا کر دیر رات لاؤ ڈاسپیکر پر ہنومان چالیسا بجایا گیا تھا جس کی وجہ سے وہاں ٹریفک جام ہو گیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ ہنومان چالیسا تنازعہ میں نوین رانا اور ان کے شوہر روی رانا کو ممبئی پولیس نے گرفتار کیا تھا۔ بعد میں انھیں کچھ شرائط کے ساتھ ضمانت مل گئی تھی۔ پھر اس تعلق سے پولیس نے بعد میں کہا تھا کہ دونوں نے شرائط کی خلاف ورزی کی ہے لہٰذا ان کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا جائے۔ حالانکہ اس معاملے میں بامبے ہائی کورٹ نے دونوں کی ضمانت رد کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ آس وقت عدالت کا کہنا تھا کہ ضمانت صرف خصوصی حالات میں ہی رد ہو سکتی ہے۔