ہنگری کا قطر سے گیس خریدنے کیلئے معاہدہ

   

بڈاپسٹ: ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ بات چیت کے بعد کہا کہ ہنگری نے قدرتی گیس کی خریداری کیلئے قطر کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اوربان نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا، ‘‘گزشتہ ایک سال میں ہم نے دیکھا ہے کہ قطر یورپ کیلئے بہت اہم ملک بن گیا ہے ۔ یورپی معیشت نے قطر سے حاصل ہونے والی ایل این جی کے ذریعے روسی گیس کے ایک اہم حصے کی تلافی کردی ہے ۔ ہم نے توانائی کے تعاون پر اتفاق کیا ہے اور ہم قطر سے گیس خریدیں گے کیونکہ ایک ملک پرمنحصر رہنے کے مقابلے میں کئی پر انحصار کرنا ہمیشہ بہتر آپشن ہوتا ہے ۔انہوں نے بات چیت کے بعد یہ بھی کہا کہ ہنگری اور قطر دونوں نے بنیادی ڈھانچے کی ترقی نیز ہوائی نقل و حمل کو بڑھانے ، مواصلات اور زراعت میں تعاون کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کے وسیع امکانات تلاش کیے ہیں۔ہنگری کے وزیر اعظم اوربان نے یہ بھی کہا کہ ان کے ملک کی طرح قطر بھی یوکرین روس جنگ کا پرامن حل تلاش کرنے کیلئے ثالثی کیلئے تیار ہے ۔