ہورون عالمی دولت مندوں کی فہرست میں حیدرآبادی دس دولت مند شامل

   

مرلی دیوی سرفہرست ، ہندوستانی سطح سے 209 میں 60 دولت مندوں کا تعلق ممبئی سے
حیدرآباد۔ ہورون عالمی دولت مندوں کی فہرست میں جہاں ہندوستان سے تعلق رکھنے والے 209 افراد کے نام شامل کئے گئے ہیں وہیں اس فہرست میں شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے 10 دولت مندوں کے نام شامل ہیں۔ حیدرآباد میں موجود 10 کروڑ پتیوں کے نام جو کہ ہورون عالمی دولتمندوں کی فہرست 2021 میں شامل کئے گئے ہیں ان کی مجموعی دولت 1لاکھ 65 ہزار کروڑ ہے ۔ ہورون نے 15جنوری 2021 تک جن لوگوں کے پاس مجموعی دولت اور اثاثہ جات کا شمار کرتے ہوئے یہ فہرست جاری کی ہے۔شہر حیدرآباد کے جن دولت مندو ںکو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے ان میں سر فہرست مسٹر مرلی دیوی ہے جو کہ دیوی لیباریٹریز سے تعلق رکھتے ہیں انکی مجموعی دولت 54ہزار100 کروڑ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ دوسرے نمبر پر مسٹر پی وی رام پرساد ریڈی ہیں جو کہ اربندو فارما خاندان سے تعلق رکھتے ہیں ان کی جو دولت شمار کی گئی ہے وہ 22ہزار 600 کروڑ کے مالک ہیں۔ تیسرے نمبر پر مسٹر بی پارتھا سارتھی ہیں جو کہ ہیترو ڈرگس سے تعلق رکھتے ہیں ان کی مجموعی دولت 16ہزار کروڑ ہے جبکہ چوتھے نمبر پر 12ہزار 800 کروڑ کے ساتھ مسٹر کے ستیش ریڈی ہیں جو کہ ڈاکٹر ریڈی لیباریٹری سے تعلق رکھتے ہیں اسی طرح پانچویں نمبر پر مسٹر جی وی پرساد اور جی ریڈی ہیں ان کا تعلق بھی ڈاکٹر ریڈی لیباریٹری سے ہے اور ان کی مجموعی دولت 10ہزار 700 کروڑ ہے ۔ حالیہ عرصہ میں سرکاری کنٹراکٹس کے معاملہ میں چرچہ میں رہنے والے مسٹر پی پچی ریڈی جو کہ میگھا انجنئیرنگ اینڈ انفراسٹرکچر سے تعلق رکھتے ہیں وہ چھٹویں نمبر پر ہیں ان کی دولت 10ہزار 600کروڑ ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ ساتویں نمبر پر مسٹر جوپلی رامیشور راؤ ہیں جو کہ مائی ہومس انڈسٹریز سے تعلق رکھتے ہیں ان کی جملہ دولت 10ہزار 500کروڑ ریکارڈ کی گئی ہے۔ آٹھویں نمبر پر میگھا انجنئیرنگ اینڈ انفراسٹرکچرس کے پی وی کرشنا ریڈی ہیں جو کہ 10ہزار 200کروڑ کے اثاثہ جات کے مالک ہیں۔مسٹر ایم ستیہ نارائنا ریڈی اور ان کا خاندان جو کہ ایم ایس این لیباریٹریز سے تعلق رکھتا ہے ان کی مجموعی دولت 8ہزار 600 کروڑ شمار کی گئی ہے اور وہ نویں نمبر پر ہیں اسی طرح دسویں نمبر پر8ہزار 600 کروڑ کے ساتھ مسٹر وی سی ننا پینینی ہیں جو کہ ناٹکو فارما سے تعلق رکھنے والے ہیں۔ ہورون کی جانب سے جاری کی گئی فہرست میں جملہ 209ہندوستانی دولت مندوں کے ناموں میں 60کا تعلق ممبئی سے ہے جبکہ 40 کا تعلق نئی دہلی سے ہے اس کے علاوہ 22 بنگلورو سے تعلق رکھنے والے ہیں۔